کینسر سے پریشان حال لوگ اخراجات سے نہ گھبرائیں، گورنر ہائو س سے رابطہ کریں، گورنر سندھ کامران ٹیسوری

جمعرات 16 مئی 2024 21:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2024ء) گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ کینسر سے پریشان حال لوگ اخراجات سے گھبرائیں نہیں وہ گورنر ہائو س سے رابطہ کریں، ایسی ٹیم بن چکی ہے جو کار خیر میں پیچھے نہیں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو گورنرہائوس میں جے ڈی سی اور شمیم شیخانی کے مابین فری کینسر ہسپتال کے قیام کے لئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخطی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

منعقدہ تقریب میں جے ڈی سی اور شمیم شیخانی کے مابین فری کینسر ہسپتال کے قیام کے لئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے ۔ گورنر سندھ نے تقریب میں خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں جے ڈی سی کے ظفر عباس، علی شیخانی ودیگر بھی شریک تھے۔ پروجیکٹ پر 10 ارب کی لاگت آئے گی۔ گورنر سندھ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جو یہ کام کررہے ہیں اس کی کوئی مثال نہیں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پیسے تو بہت لوگوں کے پاس ہیں لیکن فراغ دلی کسی کسی کے حصے میں آتی ہے، جو کار خیر آپ لوگ کر رہے ہیں اس کا اجر اللہ تعالی ہی دے سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب تک 4 لاکھ 70ہزار راشن بیگز تقسیم کر چکے ہیں، اور 20 لاکھ راشن بیگ تقسیم کریں گے، آج روزگار اسکیم کے لیے لوگوں کے ناموں کا اعلان کریں گے اور یہ روزگار اسکیم چلتی رہے گی، نوجوانوں کو مایوس ہونے کی ضرورت نہیں ہے، اس سلسلے کو بند نہیں کریں گے، گورنر ہائو س کے دروازے رات دن کھلے ہیں، سب مل جل کر ایک دوسرے کا مسیحا بنیں گے۔ تقریب سے علی شیخانی اور ظفر عباس نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :