پاکستان فارسٹ انسٹیٹیوٹ پشاور کو یونیورسٹی کا درجہ دیا جائے گا، صوبائی وزیر فضل حکیم خان یوسفزئی

جمعرات 16 مئی 2024 22:20

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2024ء) خیبرپختونخوا کے وزیر برائے جنگلات، ماحولیات، موسمیاتی تبدیلی و جنگلی حیات فضل حکیم خان یوسفزئی نے کہا ہے کہ پاکستان فارسٹ انسٹیٹیوٹ پشاور کو یونیورسٹی کا درجہ دیا جائے گا، یہ انسٹیٹیوٹ پورے پاکستان میں ایک تاریخی حیثیت رکھتا ہے جو طالب علموں کو بہترین اور جدید تعلیم سے آراستہ کرتا ہے، اس انسٹیٹیوٹ کو یونیورسٹی کا درجہ دینا طالب علموں کے مستقبل کیلئے ایک بڑا تحفہ ہے، نوجوانوں کو بہترین تعلیم سے آراستہ کرنا پی ٹی آئی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، ہماری کوشش اور خواہش ہے کہ اس اہم اقدام کو جلد عملی جامہ پہنایا جائے اسلئے متعلقہ افسران ضمن میں جلد سے جلد کاغذی کاروائی کو مکمل کرکے پیش کریں، پاکستان فارسٹ انسٹیٹوٹ پشاور میں قائم یہ یونیورسٹی ملک بھر میں کہی نہیں ہوگی یہ اعزاز صرف خیبرپختونخوا کو حاصل ہوگا اسلئے تمام متعلقہ افسران انتہائی لگن کے ساتھ اس اہم منصوبے کو عملی جامہ پہنانے میں بھرپور جدوجہد کریں تاکہ دیگر صوبوں کیلئے رول ماڈل ہو۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر فضل حکیم خان یوسفزئی نے پاکستان فارسٹ انسٹیٹیوٹ پشاور میں اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں پاکستان فارسٹ انسٹیٹیوٹ پشاور کے ڈائریکٹر جنرل، سیکرٹری فارسٹ اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل نے صوبائی وزیر کو انسٹیٹیوٹ کی مجموعی کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی اور ضروری فیصلے کئے گئے صوبائی وزیر فضل حکیم خان یوسفزئی کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کو سرسبزوشاداب بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی کیونکہ جنگلات مختلف پہلوؤں سے انسانی زندگی کیلئے ضروری ہیں ماحول کو فضائی آلودگی سے پاک کرنے کے لئے ہر شہری کو زیادہ سے زیادہ پودے لگانے ہونگے۔

خیبرپختونخوا حکومت کی کوشش ہے کہ درختوں کے تحفظ کیساتھ ساتھ جنگلات میں مزید اضافہ کیا جائے. انہوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت موسمیاتی تبدیلی سے بچنے کیلئے بھرپور جدوجہد کررہی ہے تاکہ آنے والی نسل ماحولیاتی اور جسمانی طور پر صاف ماحول سے مستفید ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سردار علی امین گنڈاپور کے احکامات کے مطابق بلین ٹری پلس منصوبے پر جلد آغاز کیا جائے گا جس کیلئے تمام تیاریاں مکمل کئے گئے ہیں.۔

انہوں نے کہا کہ بلین ٹری پلس منصوبے کی کامیابی کیلئے پورے صوبے میں نہ صرف پودے لگائیں گے بلکہ ان پودوں کی نگرانی بھی کی جائیں گی۔ اجلاس کے بعد صوبائی وزیر فضل حکیم خان یوسفزئی نے پاکستان فارسٹ انسٹیٹیوٹ پشاور میں پودہ بھی لگایا اور اجتماعی دعا کی گئی۔