ڈپٹی کمشنر کمپلیکس سوراب میں لیویز شہداء سے منسوب جدید کانفرنس روم کا افتتاح

جمعرات 16 مئی 2024 22:30

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2024ء) ڈپٹی کمشنر سوراب نجیب اللہ ترین نے ڈپٹی کمشنر کمپلیکس میں شہداء لیویز سے منسوب نئے جدید کانفرنس روم کا افتتاح کردیا، اس موقع پر لیویز شہداء کے لئے فاتحہ خوانی اور ان کی بلندی درجات کے لئے خصوصی دعا بھی کی گئی ۔ افتتاحی تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر سوراب اکبر علی، سپرنٹنڈنٹ ڈی سی سوراب فضل محمد قمبرانی، ایس ایچ او لیویز تھانہ سوراب الطاف حسین اور دیگر عملہ بھی موجود تھا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر سوراب نجیب اللہ ترین نے کہاکہ علاقے میں امن وامان کا قیام اولین ترجیح ہے ، اس سلسلے میں تمام اسباب کو بروئے کار لاکر اپنی کارکردگی اور توانائی میں اضافہ کریں گے ، ایک جدید کانفرنس روم کا قیام بھی اسی سلسلے اور عزم کی ایک کڑی ہے ، بلوچستان خصوصاً سوراب میں لیویز کے جانثار اہلکاروں کی لازوال قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا، اس کانفرنس روم کو اپنے ان شہداء سے منسوب کرنے کا مقصد بھی یہی ہے کہ ہم اپنے شہیدوں کو نہیں بھولے ہیں، ایک یادگار کی صورت میں وہ ہمارے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔