برطانیہ نے بھارت سے مصالوں کی درآمد کی جانچ کا نظام سخت کردیا

بھارتی مصالوں میں کینسر پیدا کرنے والے کیمیکلز، ایتھیلین آکسائیڈ موجود ہیں

جمعہ 17 مئی 2024 13:34

برطانیہ نے بھارت سے مصالوں کی درآمد کی جانچ کا نظام سخت کردیا
لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مئی2024ء) برطانیہ نے بھارت سے مصالوں کی درآمدکی جانچ کا نظام سخت کر دیا ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق برطانیہ کی فوڈ اسٹینڈرڈ ایجنسی نے بھارتی مصالوں میں آتھیلین آکسائیڈ سمیت کیڑے مار ادویات کی آمیزش پائے جانے کے پیش نظر ان کی در آمد کے حوالے سے نئے قوائد و ضوابط نافذ کر دیے ہیں۔فوڈ پالیسی کے ڈپٹی ڈائریکٹر جیمز کوپر نے ایک بیان میں کہ یہاں ایتھیلین آکسائیڈ کے استعمال کی اجازت نہیں ہے۔

(جاری ہے)

ہانگ کانگ نے بھی بعض بھارتی مصالحوں پر پابندی لگارکھی ہے جبکہ نیوزی لینڈ، امریکا اور آسٹریلیا میں بھی بھارتی مصالوں کے بارے میں تحقیقات جاری ہیں۔ہانگ کانگ کے فوڈ سیفٹی واچ ڈاگ نے اپریل میں بھارتی برانڈز ایم ڈی ایچ اور ایورسٹ کے چار مصالحہ جات پر پابندی عائد کر دی تھی جب انہیں پتہ چلا تھا کہ ان میں کینسر پیدا کرنے والے کیمیکلز، ایتھیلین آکسائیڈ موجود ہیں۔، نیپال کے محکمہ فوڈ ٹیکنالوجی اور کوالٹی کنٹرول نے بھی مئی میں دو بھارتی مسالوں کے برانڈز کی درآمد، استعمال اور فروخت پر پابندی لگا دی تھی۔