بھارتی شہر پٹنہ میں اسکول سے 3 سالہ بچے کی لاش برآمد، حالات کشیدہ

مظاہرین نے کئی گاڑیوں اور اسکول کی دیواروں کے کچھ حصوں کو آگ لگادی ،بھارتی ٹی وی

جمعہ 17 مئی 2024 17:27

بھارتی شہر پٹنہ میں اسکول سے 3 سالہ بچے کی لاش برآمد، حالات کشیدہ
پٹنہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مئی2024ء) بھارت کے شہر پٹنہ میں اسکول سے 3 سالہ بچے کی لاش ملنے کے بعد حالات کشیدہ ہوگئے۔بھارتی میڈیا کے مطابق ایک پرائیوٹ اسکول کے احاطے سے بچے کی لاش ملنے کے بعد مشتعل ہجوم نے اسکول پر دھاوا بول دیا۔بچے کے گھر والوں نے اسکول سے واپس گھر نہ پہنچنے پر بچے کی تلاش شروع کی تھی، اسکول پہنچنے پر معلومات لینے پر اسکول کے حکام نے مبینہ طور پر بہانے بنائے جس سے اہلخانہ مشتعل ہوگئے۔

(جاری ہے)

بعدازاں اہلخانہ نے اسکول میں بچے کی تلاش جاری رکھی اور کچھ دیر بعد انہیں اسکول کے اندر موجود گٹر سے تین سالہ بچے کی لاش ملی۔ بچے کے اہلخانہ اور برادری کے افراد نے انصاف کا مطالبہ کرتے ہوئے سڑکوں پر احتجاج کیا، اس دوران مظاہرین نے کئی گاڑیوں اور اسکول کی دیواروں کے کچھ حصوں کو آگ لگادی ہے، مشتعل ہجوم نے اسکول کی طرف جانے والی سڑکوں کو بھی بند کردیا تھا۔پٹنہ کے ایس پی چندر پرکاش نے کہا ہے کہ قتل کی تحقیقات جاری ہیں، سی سی ٹی وی ویڈیو میں بچہ اسکول میں داخل ہوتا ہوا نظر آیا لیکن وہاں سے واپس نہیں نکلا۔ایس پی چندر پرکاش نے کہا ہے کہ یہ واقعہ مجرمانہ کارروائی لگتی ہے، تین افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :