خیبر پختونخوا حکومت نے پنجاب کے کسانوں سے گندم خریداری شروع کردی

30 جون تک پنجاب کے کاشتکاروں سے تقریباً 3 لاکھ میٹرک ٹن گندم خریدی جائیگی، بیرسٹرسیف پنجاب کے کاشتکاروں سے 3900 روپے فی من کے حساب سے گندم خریدی جائیگی،مشیروزیراعلیٰ کے پی کے

جمعہ 17 مئی 2024 20:30

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مئی2024ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت نے پنجاب کے کسانوں سے گندم خریداری شروع کردی ہی, 30 جون تک پنجاب کے کاشتکاروں سے تقریباً 3 لاکھ میٹرک ٹن گندم خریدی جائیگی، پنجاب کے کاشتکاروں سے 3900 روپے فی من کے حساب سے گندم خریدی جائیگی۔

(جاری ہے)

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ کمیشن مافیا کے ڈسے پنجاب کے کسانوں کی مدد کے لئے خیبر پختون خوا حکومت میدان میں موجود ہے،پنجاب کے کسانوں کو مافیا نے 300 ارب روپے کا ٹیکہ لگایا ہے اس مافیا کو سزا دینے کی بجائے راج کماری انتظامیہ نے الٹا کسانوں پر ڈنڈے برسا دئے جبکہ راج کماری کسان کارڈ کا جھوٹا ڈرامہ کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختون خوا حکومت پنجاب کے کسانوں کے دکھوں کا مداوا کررہی ہے جبکہ راج کماری پولیس وردی فیشن میں مصروف ہے، محکمہ خوراک خیبر پختونخوا نے پنجاب کے کاشتکاروں کیلئے خیر مقدمی بینر آویزاں کر دئیے۔

بیرسٹر سیف نے کہا کہ عظمی بخاری کو بونگیاں مارنے کی بجائے خیبر پختون خوا حکومت کا شکریہ ادا کرنا چاہئے۔ اگر خیبر پختون خوا حکومت بھی پنجاب کسانوں کی مدد نہ کریں تو بیچارے کسان کہاں جائینگے۔