عدلیہ کو دھمکیاں دینے والوں کو نااہل کرنا چاہیے، شیخ وقاص اکرم

سپریم کورٹ پریس کانفرنسز پر ازخود نوٹس لے، دھمکیاں دینے والوں کو مثال بنائے، میڈیا سے گفتگو

جمعہ 17 مئی 2024 21:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مئی2024ء) سنی اتحاد کونسل کے رہنماء شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ عدلیہ کو دھمکیاں دینے والوں کو نااہل کرنا چاہیے، سپریم کورٹ پریس کانفرنسز پر ازخود نوٹس لے، دھمکیاں دینے والوں کو مثال بنائے۔تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سنی اتحاد کونسل کے رہنماء شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ عدلیہ کو دھمکیاں دینے والوں کو نااہل کرنا چاہئے، سپریم کورٹ کو ججز کے خلاف پریس کانفرنسز کا از خود نوٹس لینا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ یہ کیا طریقہ ہے کہ پریس کانفرنس کر کے دھمکیاں دی جاتی ہیں، بانی پی ٹی آئی نے کیا کرنا تھا جو براہ راست کارروائی نہیں دکھائی گئی۔شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ وزرا اور حکومت سے ووٹ لے کر سینیٹر بننے والوں نے عدلیہ پر حملے شروع کر دیئے ہیں، ایسے لوگوں کا کیسز سے کوئی لینا دینا نہیں اور عدلیہ کو ٹارگٹ کر لیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ججز خط کے بعد واضح ہو گیا کہ عدلیہ دبا ئوبرداشت کرنے کو تیار نہیں جبکہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے علاوہ دیگر ججز نے بھی دبا ئوسے متعلق خط لکھے۔

انہوں نے کہا کہ دھمکیاں دے کر عدلیہ کو دبانے کی کوشش کی جائے گی تو یہ بھونڈی کوشش ہے۔ عدلیہ کو ایسے پریس کانفرنسز کر کے دھمکیاں دینے والوں کو مثال بنا دینا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ کسی جج کو دھمکیاں دی جا رہی ہیں تو ادارے کے سربراہ کو ایکشن لینا چاہیے۔