قیامت خیز گرمی کا نتیجہ، مری اور مارگلہ کے پہاڑوں پر آگ بھڑک اٹھی

مارگلہ کی پہاڑیوں پر لگنے والی آگ پر قابو پانے کی کوششیں جاری، مری کے جنگلات میں بھی گزشتہ روز سے لگنے والی آگ پر قابو نہ پایا جا سکا

muhammad ali محمد علی ہفتہ 18 مئی 2024 00:34

قیامت خیز گرمی کا نتیجہ، مری اور مارگلہ کے پہاڑوں پر آگ بھڑک اٹھی
مری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 مئی2024ء) قیامت خیز گرمی کا نتیجہ، مری اور مارگلہ کے پہاڑوں پر آگ بھڑک اٹھی، مارگلہ کی پہاڑیوں پر لگنے والی آگ پر قابو پانے کی کوششیں جاری، مری کے جنگلات میں بھی گزشتہ روز سے لگنے والی آگ پر قابو نہ پایا جا سکا۔ تفصیلات کے مطابق موسم گرما کے آغاز کے ساتھ ہی مری کے جنگلات میں آگ بھڑک اٹھی ہے۔ مری اسلام آباد ایکسپریس وے پھری سے ملحق جنگل میں گزشتہ روز سے آتشزدگی کی لپیٹ میں ہے، جو تاحال قابو سے باہر ہے۔

ریسکیو کی ٹیمیں اور محکمہ جنگلات کا عملہ آگ پر قابو پانے کی کوششوں میں مصروف رہیں مگر جنگلات میں لگی آگ پر تاحال مکمل قابو نہ پایا جا سکا۔ذرائع کے مطابق بذریعہ روڈ رسائی نہ ہونے کی وجہ سے ریسکیو کے عملے کو آگ بجھانے میں مشکلات کا سامنا ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق چیڑ کے درخت اور خشک پتے آگ میں اضافے کا باعث بن رہے ہیں۔ آگ نے بڑے رقبے کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے جس کے باعث چرند پرند اور جنگلی حیاتیات کو بھی شدید نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔

دوسری جانب وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی مارگلہ کی پہاڑیوں پر بھی آگ بھڑک اٹھی، پہاڑوں پر لگنے والی آگ پر قابو پانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ وزارت موسمیاتی تبدیلی اور سی ڈی اے کا عملہ آگ پر قابو پانے کی کوششوں میں مصروف عمل ہے۔ ہیٹ ویو اور ہوا کی رفتار میں اضافے کی وجہ سے آگ کی شدت میں اضافہ ہوا۔ آگ لوئی ڈنڈی، رتہ ہوتر اور پیرسوہاوہ کے قریب 3 کلومیٹر کے رقبے پر پھیلی ہوئی ہے۔

آندھی کی وجہ سے آگ بہت تیزی سے پھیلی ہے، تقریباً 150 اہلکار آگ پر قابو پانے کی کوششیں کر رہے ہیں، رات کے اس پہر میں بھی سی ڈی اے اور وزارت موسمیاتی تبدیلی کے حکام موقع پر موجود ہیں۔ جانی نقصان سے بچنے کیلئے احتیاط سے کام کیا جا رہا ہے، آگ کی شدت پر قابو پانے کے لیے تمام کوششیں بروئے کار لائی جا رہی ہیں۔