پراسیکوٹر جنرل پنجاب سید فرہاد علی شاہ نے سرگودھا میں پراسیکیوشن دفتر و سہولت سنٹر کا افتتاح کردیا

عدلیہ، پولیس،بار، پراسیکیوشن،اور میڈیا کے درمیان روابط بہتر بنا کر انصاف کی جلد اور عام آدمی کی دہلیز پر فراہمی حکومت پنجاب کی اہم ترجیح ہے،خطاب

ہفتہ 18 مئی 2024 14:39

سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مئی2024ء) پراسیکوٹر جنرل پنجاب سید فرہاد علی شاہ نے کہا ہے کہ عدلیہ، پولیس،بار، پراسیکیوشن،اور میڈیا کے درمیان روابط بہتر بنا کر انصاف کی جلد اور عام آدمی کی دہلیز پر فراہمی حکومت پنجاب کی اہم ترجیح ہے۔تفصیلا ت کے مطابق پراسیکوٹر جنرل پنجاب سید فرہاد علی شاہ نے سرگودھا میں پراسیکیوشن دفتر و سہولت سنٹر کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ تمام ممکنہ وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے ٹھوس اور نتیجہ خیز اقدامات اٹھائے جارہے ہیں جن کا بنیادی مقصد انصاف کی بلاتاخیر فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔

انہوںنے کہاکہ سرگودہا میں پراسیکیوشن سہولت سنٹر کا قیام عمل میں لایا گیا جہاں پر مقدمات کی کاپی کے حصول سے لے کر پراسیکیوشن کے دیگر مراحل کے حوالہ سے مکمل رہنمائی اور سہولت بالکل مفت فراہم کی جائے گی اور اس طرح ٹرائل پراسیکیوشن کے وزن پر عملدرآمد ہوگا اور اس سنٹر کے قیام سے پراسیکیوشن میں بھی بہتری آئے گی۔

(جاری ہے)

آخر میں انہوں نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اکمل خان اور ڈی پی او ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی کے ہمراہ ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوشن دفتر اور پراسیکیوشن سہولت سنٹر کی افتتاح کیا۔

پراسیکوٹر جنرل نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ پراسیکیوشن سہولت سنٹر میں عملہ عوام کی راہنمائی و فلاح کے لیے صبح 9سے شام 4بجے تک کام کرے گا جہاں ایف آئی آر ، پی ایم آر ، ایم ایل سی کے بیان کی کاپیاں فراہم کرنا،دوران سکروٹنی ابتدائی چارج کو شامل کرنے،حذف کرنے یا اس میں ترمیم کرنے کے لیے مناسب سمت کا اجرا،ناقص تفتیش کی صورت میں مناسب ہدایات کا اجرااور پراسیکیوشن افسران کے خلاف شکایات کے ازالہ سمیت دیگر اقدامات شامل ہیں۔

انہوںنے کہاکہ پنجاب کے سرگودھا میں 15 ویں سہولت سنٹر کا قیام کیا گیا ہے اور صوبہ بھر میں 15 سو پراسیکوٹرز کام کررہے ہیں جبکہ فریش لا گریجوایٹ کے لیے انٹر شپ پروگرام شروع کیا جارہا ہے۔ ڈی پی او ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی نے کہاکہ سہولت سنٹر کا قیام حکومت کا احسن اقدام ہے جس اب تفتیش کا عمل تیز ہوگا اور عوام کو فوری انصاف کی فراہمی میں بھی مدد ملے گی۔