بھارت ، حزب اختلاف کی جماعتیں آدتیہ ناتھ سے بلڈوزرچلانا سیکھیں، نریندرمودی

ہفتہ 18 مئی 2024 20:25

بھارت ، حزب اختلاف کی جماعتیں آدتیہ ناتھ سے بلڈوزرچلانا سیکھیں، نریندرمودی
لکھنو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مئی2024ء) بھارت کے ہندوتوا وزیر اعظم نریندرمودی نے جو اپنی انتخابی مہم کے دوران مسلمانوں کے خلاف توہین آمیز اور نفرت انگیز تقاریر کرتے رہے ہیں، کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کو اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ سے ٹیوشن لینا چاہیے تاکہ وہ سیکھ سکیں کہ کہاںکہاں بلڈوزرچلانا ہے۔

(جاری ہے)

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق اترپردیش کے علاقے بارہ بنکی میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ سماج وادی پارٹی اور کانگریس اقتدار میں آنے کی صورت میں ایودھیا میں رام مندر پر بلڈوزر چلائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ انہیں یوگی سے ٹیوشن لینا چاہیے کہ بلڈوزر کہاں چلانا ہے اور کہاں نہیں۔واضح رہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومتوں نے حالیہ برسوں میں بھارت بھر میں مسلمانوں کے گھروں اورکاروباروں کو تباہ کرنے کے لئے بلڈوزرکو ایک ہتھیار کے طورپراستعمال کیاہے۔مسلمانوں اوردیگر پسماندہ طبقوں کے گھروں اورکاروباروں کو مسمارکرنے کی پالیسی پر دائیں بازو کا میڈیا اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ آدتیہ ناتھ کو اکثر ''بلڈوزر بابا''کے نام سے پکارتا ہے۔