21 مئی سے 27 مئی تک پنجاب میں ہیٹ ویو کے شدید خطرات ہیں ‘ پی ڈی ایم اے

بہاولپور ،رحیم یار خان ،ڈیرہ غازی خان اور ملتان میں ہیٹ ویو کی لہر شدید ہو سکتی ہے ‘ ترجمان

اتوار 19 مئی 2024 18:45

21 مئی سے 27 مئی تک پنجاب میں ہیٹ ویو کے شدید خطرات ہیں ‘ پی ڈی ایم اے
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مئی2024ء) پی ڈی ایم اے پنجاب کی ہدایات کے پیش نظر محکمہ صحت نے ہیٹ ویو ایڈوائزری جاری کردی۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق 21 مئی سے 27 مئی تک پنجاب میں ہیٹ ویو کے شدید خطرات کی پیشگوئی ہے۔ جنوبی پنجاب کے اضلاع بہاولپور ،رحیم یار خان ،ڈیرہ غازی خان اور ملتان میں ہیٹ ویو کی لہر شدید ہو سکتی ہے۔

تمام ہسپتالوں میں ہیٹ ویو کائونٹرز قائم کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں ہیں۔ ہیٹ ویو سے بچا ئوسے متعلق تمام ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔

(جاری ہے)

ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کا کہنا تھا کہ پرنٹ الیکٹرانک و سوشل میڈیا کے ذریعے شہریوں کو ہیٹ ویو کے خطرات سے آگاہ کیا جا رہا ہے۔ تمام محکمے مل کر اور باہمی تعاون سے ہیٹ ویو کا مقابلہ کر سکتے ہیں۔

اگلے دس دن شدید ہیٹ ویو کی لپیٹ میں آنے کی پیشگوئی ہے۔ ڈی جی عرفان علی کاٹھیا نے مزید کہا کہ عوام الناس سے التماس ہے کہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ سخت دھوپ میں مشقت اور ورزش سے گریز کریں۔ غیر ضروری گھر سے باہر نہ نکلیں ہلکے رنگ کا سوتی لباس پہنیں ۔ ایمرجنسی صورتحال میں پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1129 یا ریسکیو 1122 پر کال کریں۔