ایرانی صدر سید ابراہیم رئیسی کے ہیلی کاپٹر کو حادثہ/ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا اظہار تشویش

اتوار 19 مئی 2024 22:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مئی2024ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ایران میں ہیلی کاپٹر حادثے کی خبر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ایرانی صدر سید ابراہیم رئیسی کی سلامتی کے لیے نیک تمنائوں کا اظہار کیا ہے ۔

(جاری ہے)

قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے میڈیا ڈائریکٹوریٹ سے جاری بیان کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی نے ایرانی ہیلی کاپٹر حادثے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کی پارلیمان ،عوام اور میری دعا ہے کہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور ان کے تمام رفقاء اس حادثے میں محفوظ اور بخیریت ہوں۔

انہوں نے کہاکہ سید ابراہیم رئیسی سے ان کے حالیہ دورہ پاکستان کے موقع پر انتہائی مفید ملاقات ہوئی، صدر رئیسی کو پاک ایران دوستی اور خطے میں مشترکہ ترقی اور خوشحالی کا بھرپور داعی پایا۔ اسپیکر ایاز صادق نے کہا کہ مشکل اور امتحان کی اس گھڑی میں پاکستان کی پارلیمان اور عوام اپنے ایرانی بھائیوں اور بہنوں کے شانہ با شانہ کھڑے ہیں۔