جناح ہائوس حملہ کیس، پرویز الٰہی کی درخواست ضمانت قبل ازوقت ہونے پر خارج

پیر 20 مئی 2024 13:24

جناح ہائوس حملہ کیس، پرویز الٰہی کی درخواست ضمانت قبل ازوقت ہونے پر ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2024ء) انسداد دہشت گردی عدالت نے جناح ہائوس حملہ کیس میں رہنما تحریک انصاف چودھری پرویز الٰہی کی درخواست ضمانت قبل از وقت قرار دے کر خارج کردی۔انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے سابق وزیراعلی چودھری پرویز الٰہی کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔

(جاری ہے)

درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ خدشہ ہے پرویز الٰہی کو جناح ہائوس حملہ کیس میں گرفتار کرلیا جائے گا، سابق وزیراعلی اس وقت دیگر مقدمات میں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہیں، عدالت جناح ہائوس حملہ کیس میں مرکزی رہنما تحریک انصاف کی ضمانت منظور کرے۔

دوران سماعت پراسیکیوشن نے عدالت کو بتایا کہ درخواست ضمانت میں قانونی تقاضے پورے نہیں کیے گئے، پرویز الٰہی کو مقدمے میں گرفتار ہی نہیں کیا گیا۔بعدازاں عدالت نے جناح ہائوس حملہ کیس میں چودھری پرویز الٰہی کی ضمانت کی درخواست قبل ازوقت قرار دیتے ہوئے نمٹا دی۔