حکومت پنجاب کا صنعتی مراکز میں پراپرٹی کے کاروبار پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ

انڈسٹریل اسٹیٹس میں حاصل پلاٹ پر2 سال میں ہرصورت کارخانہ لگانا ہوگا، کارخانہ نہ لگانے کی صورت میں پلاٹ منسوخ ہوگا۔ وزیرصنعت و تجارت پنجاب چودھری شافع حسین

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 22 مئی 2024 18:30

حکومت پنجاب کا صنعتی مراکز میں پراپرٹی کے کاروبار پر پابندی عائد کرنے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 مئی 2024ء) حکومت پنجاب نے صنعتی مراکز میں پراپرٹی کے کاروبار پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، وزیرصنعت و تجارت پنجاب چودھری شافع حسین کا کہنا ہے کہ انڈسٹریل اسٹیٹس میں حاصل پلاٹ پر 2 سال میں ہرصورت کارخانہ لگانا ہوگا، کارخانہ نہ لگانے کی صورت میں پلاٹ منسوخ ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے بورڈ آف مینجمنٹ سمال انڈسٹریل اسٹیٹ سرگودھا کے وفد نے ملاقات کی۔

پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے کمیٹی روم میں ہونے والی ملاقات کے دوران سمال انڈسٹریل اسٹیٹ سرگودھا کے ترقیاتی مسائل پر بات چیت ہوئی۔ وفد نے سمال انڈسٹریل اسٹیٹ میں روڈ انفراسٹرکچر اور دیگر صنعتی انفراسٹرکچر بہتر بنانے کا مطالبہ کیا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے سمال انڈسٹریل اسٹیٹ سرگودھا کے ترقیاتی مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایس ایم ایز کو قومی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت حاصل ہے۔

چھوٹی اور درمیانے درجے کی صنعتوں کے فروغ کیلئے حکومت ہرممکن معاونت کرے گی۔ چوہدری شافع حسین نے کہاکہ انڈسٹریل اسٹیٹس کے حوالے سے نئی پالیسی لا رہے ہیں۔ انڈسٹریل اسٹیٹس کے بورڈز آف مینجمنٹ بھی تبدیل کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیڈمک، فیڈمک سمیت دیگر صنعتی مراکز کے بورڈز میں مخلص، بہترین اور محنتی پروفیشنلز شامل کئے جائیں گے۔

انڈسٹریل اسٹیٹس کی سوفیصد آباد کاری یقینی بنائیں گے۔ صنعتی مراکز میں پراپرٹی کا کاروبار کسی صورت نہیں ہونے دیں گے۔ صوبائی وزیر صنعت نے کہا کہ انڈسٹریل اسٹیٹس میں حاصل کئے گئے پلاٹ پر2 سال میں ہرصورت کارخانہ لگانا ہوگا۔ کارخانہ نہ لگانے کی صورت میں پلاٹ منسوخ ہوگا۔ بورڈ آف مینجمنٹ سمال انڈسٹریل اسٹیٹ سرگودھاکے صدر محمد افتخار، ایم ڈی پیسک سدرہ یونس اور متعلقہ افسران بھی ملاقات میں موجود تھے۔