Live Updates

خیبرپختونخواہ میں مزدوروں کی کم سے کم اجرت 36 ہزار روپے مقرر

صوبائی حکومت نے مزدوروں کی کم سے کم اجرت میں 4 ہزار روپے کا اضافہ کر دیا، مزدوروں کی کم سے کم اجرت 32 ہزار روپے مقرر تھی

muhammad ali محمد علی جمعہ 24 مئی 2024 20:53

خیبرپختونخواہ میں مزدوروں کی کم سے کم اجرت 36 ہزار روپے مقرر
پشاور ( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 مئی 2024ء) خیبرپختونخواہ میں مزدوروں کی کم سے کم اجرت 36 ہزار روپے مقرر ، صوبائی حکومت نے مزدوروں کی کم سے کم اجرت میں 4 ہزار روپے کا اضافہ کر دیا، مزدوروں کی کم سے کم اجرت 32 ہزار روپے مقرر تھی۔ تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخواہ حکومت نے آئندہ مالی سال 2024-25 کیلئے بجٹ اسمبلی میں پیش کردیا ہے۔ وزیرخزانہ خیبر پختونخوا آفتاب عالم نے اسمبلی میں بجٹ پیش کیا، وزیراعلیٰ کے پی کے علی امین گنڈاپور بھی ایوان میں موجود تھے۔

وزیرخزانہ خیبر پختونخوا آفتاب عالم نے بجٹ تقریر میں کہا کہ بجٹ میں کل محصولات 1754 ارب روپے ہیں جبکہ کل اخراجات کا تخمینہ 1654ارب روپے ہے، جس کے مطابق آئندہ مالی سال کا بجٹ 100 ارب روپے سرپلس ہے۔ بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں 10فیصد اضافے کی تجویز ہے، کم ازکم ماہانہ اجرت کو 32ہزار سے بڑھا کر 36ہزار روپے کرنے کی سفارش کی گئی ہے، بجٹ میں ہوٹلز پر ٹیکس کی شرح 6 فیصد کم کردی گئی ہے۔

(جاری ہے)

بجٹ دستاویز کے مطابق صوبائی حکومت کو وفاقی حکومت سے 1212 ارب سے زائد ، دہشتگردی کیخلاف جنگ کے ایک فیصد کی مد میں 108 ارب 44 کروڑ روپے اور پن بجلی کے خالص منافع کی مد میں 33 ارب 10 کروڑ ملنے کا امکان ہے، پن بجلی کے بقایاجات کی مد میں 78 ارب 21 کروڑ روپے ملنے کی توقع ہے۔ اس سے قبل مشیر خزانہ خیبرپختونخواہ مزمل اسلم نے کہا کہ صوبے کے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں 288 نئے منصوبے شامل ہیں، بجٹ کیلئے تقریباً 1900 منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔

بجٹ میں مالیات سمیت کئی شعبوں میں اصلاحات لارہے ہیں۔مشیر خزانہ نے خیبرپختونخواہ کے آج پیش کئے جانے والے 2024-25 بجٹ سے متعلق کہا ہے کہ بجٹ میں بی آر ٹی کیلئے ڈھائی ارب روپے تک سبسڈی فنڈ مختص کیا گیا، نئے ٹیکس لگانے کے بجائے موجودہ ٹیکسوں میں ردوبدل کیا گیا ہے۔نئے سال کا بجٹ بھی ذمے داری کے ساتھ تیار کیا گیا ہے جس میں عوامی خدمات کی بہتری پر زیادہ سے زیادہ توجہ دی ہے۔

خیبر پختونخوا حکومت تاریخ میں پہلی بار وفاق سے پہلے بجٹ آج پیش کریگی۔ کابینہ اجلاس میں سالانہ ترقیاتی پروگرام، فنانس بل اور صوبائی فنانس کمیشن کی سفارشات کی منظوری لی جائے گی۔خیال رہے کہ خیبرپختونخوا کا مالی سال 25-2024 کا بجٹ آج صوبائی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔ذرائع محکمہ خزانہ کے مطابق صوبائی بجٹ کا کل حجم 1600 ارب سے زائد رکھا گیا، صوبے کے اخراجات 1654 ارب روپے ہوں گے، بجٹ میں ترقیاتی کاموں کیلئے 259 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔

سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 15 فیصد اضافہ کی تجویز پیش کی گئی ہے، محکمہ صحت کیلئے 70 ارب روپے سے زائد رکھے جائیں گے جبکہ بجٹ میں صحت کارڈ کیلئے 28 ارب روپے سے زائد کا فنڈ مختص کیا گیا ہے۔ بی آر ٹی کرایوں میں فی سٹاپ 5 سے 10 روپے اضافہ کی تجویز دی گئی ہے اور نئے منصوبوں کے بجائے 90 فیصد فنڈ جاری منصوبوں کیلئے مختص کرنے کی تجویز بھی پیش کی گئی ہے۔ اراضی انتقالات پر ٹیکسز 6 فیصد سے کم کر کے 3 فیصد پر لانے اور تمباکو خریدنے والی کمپنیوں پر ایکسائز ڈیوٹی لانے کی بھی تجویز ہے۔
Live بجٹ سے متعلق تازہ ترین معلومات