Live Updates

جنرل ہسپتال لاہورمیں منہ، چہرہ اور جبڑوں کے علاج کیلئے نیا شعبہ اورل اینڈ میکسیلو فشل قائم کر دیا گیا

ہفتہ 25 مئی 2024 16:37

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مئی2024ء) جنرل ہسپتال لاہور میں حادثات کے نتیجے میں منہ، چہرے اور جبڑوں کے فریکچر سمیت منہ اور چہرے کے کینسر اور بناوٹی نقائص کے علاج معالجے اور آپریشن کیلئے نیا شعبہ''اورل اینڈ میکسیلو فشل ''قائم کر دیا ہے،اس شعبے کے ہیڈ آف دی ڈیپارٹمنٹ گریڈ 20کے پروفیسر ارمغان اسرار مرزا ہوں گے،اس نئے شعبے کے آغاز سے ایل جی ایچ میں آنے والے منہ، چہرہ اور جبڑے کے مختلف امراض میں مبتلا مریضوں کو علاج معالجے کی بڑی اور جدید سہولت دستیاب ہوگی۔

اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ و امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر الفرید ظفر نے کہا کہ جنرل ہسپتال ٹریفک حادثات میں زخمی ہونے والے شہریوں کے علاج معالجے کے حوالے سے پورے ملک میں شہرت اور اہمیت کا حامل ہے اور اب" اورل اینڈ میکسیلو فشل" شعبے کے قیام سے ٹوٹے جبڑوں کے آپریشن کی سہولت فراہم کرنے کا اعزاز بھی حاصل ہو جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اب ایک ہی ہسپتال میں مریضوں کو ہر قسم کی طبی سہولتیں میسر ہوں گی جس کی وجہ سے مریضوں کوعلاج کے لئے مختلف ہسپتالوں میں نہیں جانا پڑے گا۔ اس موقع پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ جنرل ہسپتال ڈاکٹر فریاد حسین بھی موجود تھے۔پروفیسرالفرید ظفرنے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صحت کے شعبے کی ترقی اور مریضوں کو زیادہ سے زیادہ معیاری سہولیات کی فراہمی کا جو وعدہ کیا تھا، جنرل ہسپتال میں اورل اینڈ میکسیلو فشل کے قیام سے اس مشن کی تکمیل میں ایک اور سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔

انہوں نے پروفیسر ارمغان اسرارمرزا کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور میڈیکل ایجوکیشن کی خدمات کو مد نظر رکھتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ پی جی ایم آئی اور امیر الدین میڈیکل کالج کے سٹوڈنٹس کو اورل اینڈ میکسیلو فشل کی سرجری کے حوالے سے تعلیم و تربیت میں بھی کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔پروفیسر الفرید ظفراور ایم ایس ڈاکٹر فرہاد حسین نے نئے تعینات ہونے والے پروفیسر ارمغان اسرار مرزا سے ملاقات کی اور ان کو پھولوں کا گلدستہ پیش کرتے ہوئے نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی اور اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات