متحدہ عرب امارات کا مخصوص افراد کیلئے بلیو ویزے کا اعلان

خاص اہمیت کے حامل اس 10 سالہ ویزہ کے حصول کی اہلیت اور شرائط بتادی گئیں

Sajid Ali ساجد علی اتوار 26 مئی 2024 11:14

متحدہ عرب امارات کا مخصوص افراد کیلئے بلیو ویزے کا اعلان
ابوظہبی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 مئی 2024ء ) متحدہ عرب امارات نے مخصوص افراد کیلئے بلیو ویزے کا اعلان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق ابوظہبی کے قصر الوطن میں کابینہ کے اجلاس کے بعد یو اے ای کے نائب صدر، وزیر اعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے متحدہ عرب امارات کے ماحولیاتی تحفظ میں اہم کردار ادا کرنے والے افراد کے لیے 10 سالہ بلیو ویزا کے آغاز کا اعلان کیا، انہوں نے ماحولیات کے تحفظ، جدید بین الاقوامی ٹیکنالوجیز کو اپنانے اور اعلیٰ تعلیمی نظام کو بہتر بنانے کے ملک کے عزم پر زور دیا اور کہا کہ ہماری معیشت کی پائیداری ہمارے ماحول کی پائیداری سے منسلک ہے، اس علاقے میں ہماری قومی سمتیں واضح اور مستقل ہیں۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ بلیو ویزہ ایک خاص 10 سالہ رہائشی اجازت نامہ ہے جو ان لوگوں کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے جنہوں نے ماحولیات کے لیے غیر معمولی لگن کا مظاہرہ کیا ہے، یہ ویزہ مختلف ماحولیاتی شعبوں بشمول سمندری زندگی، زمین پر مبنی ماحولیاتی نظام، ہوا کے معیار، پائیداری کی ٹیکنالوجیز اور سرکلر اکانومی میں کوششوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے پائیداری کے لیے یو اے ای کے عزم کی حمایت کرتا ہے، بلیو ریذیڈنسی ویزہ کے لیے کوالیفائی کرنے کے لیے ضروری ہے کہ آپ نے ماحولیاتی تحفظ کے لیے شاندار شراکت کا مظاہرہ کیا ہو، چند اہم نکات درج ذیل ہیں؛
> متحدہ عرب امارات کے اندر اور باہر ماحولیاتی تحفظ کے حامی افراد
> ماحول پر مثبت اثر ڈالنے والی بین الاقوامی تنظیموں اور کمپنیوں کے اراکین
> انجمنوں اور این جی اوز کے ایسے ممبران جنہوں نے ماحولیاتی تحفظ پر توجہ دی ہو
> ماحولیاتی شعبے میں عالمی ایوارڈ یافتہ افراد
> ماحولیاتی کام میں ممتاز کارکنان اور محققین
اگر آپ اہلیت کے معیار پر پورا اترتے ہیں تو آپ فیڈرل اتھارٹی برائے شناخت، شہریت، کسٹمز، اور پورٹ سکیورٹی (ICP) کے ذریعے بلیو ویزہ کے لیے درخواست دے سکتے ہیں، مزید برآں متعلقہ حکام بھی اس ویزہ کے لیے افراد کو نامزد کرسکتے ہیں، بلیو ویزہ حاصل کرنے والوں کو درج ذیل فوائد ملیں گے؛
> متحدہ عرب امارات میں طویل مدتی رہائش
> ماحولیاتی منصوبوں پر تعاون کرنے کے مواقع
> ماحولیاتی اقدامات کے لیے فنڈنگ اور وسائل تک رسائی
> ماحولیاتی تحفظ میں شراکت کے لیے الگ شناخت