پاکستان ٹیلی ویژن ڈیجیٹل ٹیرسٹیریل ٹی وی ٹرانسمیشن کے نئے دور میں داخل

پیر 27 مئی 2024 18:06

پاکستان ٹیلی ویژن ڈیجیٹل ٹیرسٹیریل ٹی وی ٹرانسمیشن کے نئے دور میں داخل
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مئی2024ء) پاکستان ٹیلی ویژن نے اپنا ڈیجیٹل ٹیرسٹیریل پائلٹ پراجیکٹ مکمل کر لیا۔ پیر کو جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی وی یہ اعلان کرتے ہوئے فخر محسوس کر رہا ہے کہ مکمل ہونے والے پائلٹ منصوبے سے ناظرین کو بہترین نشریات دیکھنے کو ملیں گی جو ادارے کے لئے ایک اہم سنگ میل ہے۔ ابتدائی مرحلے میں آر بی ایس کالا شاہ کاکو، مری اور چراٹ میں تین ڈیجیٹل ٹی وی ٹرانسمیٹر نصب کئے گئے ہیں جو جلد ہی تجرباتی ڈیجیٹل ٹیرسٹیریل ٹیلی وژن نشریات کا آغاز کر دیں گے۔

ڈیجیٹل ٹیرسٹیریل ٹرانسمیشن میں منتقلی ایک اہم تکنیکی ترقی ہے جس سے پی ٹی وی کے ناظرین کو بہترین تصویر اور آواز کا معیار اور پی ٹی وی کے تمام چینلز کی وسیع رینج دیکھنے کیلئے میسر ہوگی۔

(جاری ہے)

ڈیجیٹل ٹیرسٹیریل ٹرانسمیشن کے طریقہ کارسے ناظرین کیلئے مواد کو پیش کرنے کا انداز یکسر بدل جائے گا۔ ٹی وی ٹرانسمیٹر سے تصویر اور آواز کا بہترین معیار اور تمام پی ٹی وی چینلز کی اینٹینا پر دستیابی ممکن ہو سکے گی۔

اس حوالے سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں منعقدہ تقریب میں منیجنگ ڈائریکٹر پی ٹی وی سید مبشر توقیر شاہ نے چین کی حکومت اور اس منصوبے سے وابستہ ٹیم کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس منصوبے کی تکمیل میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی نے ہمیشہ اپنے ناظرین کی بہتر خدمت کے لئے جدت کو اپنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل ٹی وی ٹرانسمیشن سے پاکستان ٹیلی ویژن ٹیکنالوجی کے نئے دور میں داخل ہو گیا ہے۔