مجھے کسی کی توجہ یا ہمدردی کی ضرورت نہیں، جرم پر توجہ دیں، نمرہ خان

انڈسٹری کے لوگوں نے جتنا سپورٹ اور حمایت کی، میرے لئے نیک خواہشات بھیجیں اس پر میں سب کی شکر گزار ہوں، اداکارہ

جمعرات 15 اگست 2024 22:22

مجھے کسی کی توجہ یا ہمدردی کی ضرورت نہیں، جرم پر توجہ دیں، نمرہ خان
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اگست2024ء) اداکارہ نمرہ خان نے کہا ہے کہ مجھے کسی کی توجہ یا ہمدردی کی ضرورت نہیں، جرم پر توجہ دیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق حال ہی میں اپنے اغوا کی کوشش کو ناکام بنانے والی اداکارہ نمرہ خان نے خود پر تنقید کرنے والوں کو کھری کھری سنا دی۔انسٹاگرام پر اداکارہ نے مختلف ویڈیوز اپنی اسٹوریز شیئر کی ہیں۔

مذکورہ ویڈیو میں اداکارہ نے ناقدین کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ آپ مجھ پر نہیں بلکہ جرم پر توجہ دیں، اغوا کاروں کا نشانہ اداکارہ نمرہ خان نہیں تھی بلکہ وہ ایک لڑکی کو اغوا کرنا چاہتے تھے۔انہوں نے اپنے ساتھ پیش آنے والے واقعے کی کہانی سوشل میڈیا پر آکر سنانے کا مقصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ تمام لڑکیاں اپنی حفاظت کریں اور وہ لڑکیاں جن کے ساتھ ایسے واقعات رونما ہوچکے ہیں وہ انہیں رپورٹ کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس ویڈیو کا مقصد صرف یہ ہے کہ تمام لڑکیاں اپنی حفاظت کو یقینی بنائیں، اس دن اس جگہ کوئی بھی لڑکی ہوسکتی تھی، ان اغوا کاروں کے چہرے دیکھ کر معلوم ہوتا تھاکہ وہ مجھے جانتے تک نہیں تھے۔اس کے ساتھ ہی انہوں نے میڈیا سے بھی درخواست کی کہ ان کے ساتھ پیش آنے والے واقعے میں ان کی بجائے جرم کو ہائی لائٹ کریں۔نمرہ خان نے واضح کیا کہ انہیں کسی قسم کی توجہ یا ہمدردی کی ضرورت نہیں ہے، اس کے ساتھ ہی انہوں نے شوبز انڈسٹری کی طاقت کے حوالے سے بھی بات کی۔

انہوں نے کہا کہ مجھے پہلے بار معلوم ہوا ہے کہ صرف سوشل میڈیا طاقتور نہیں ہے بلکہ ہماری انڈسٹری بھی طاقتور ہے، ہم متحد ہیں، مجھے انڈسٹری کے لوگوں نے جتنا سپورٹ کیا، حمایت کی، جس طرح میرے ساتھ کھڑے ہوئے، میرے لیے نیک خواہشات بھیجیں اس پر میں سب کی شکر گزار ہوں۔

متعلقہ عنوان :