حضور اکرم ؐ کی سیرت طیبہ اور تعلیمات کی پیروی دنیا و آخرت میں کامیابی کا ذریعہ ہے، سپیکر و ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی

بدھ 18 ستمبر 2024 17:27

حضور اکرم ؐ کی سیرت طیبہ اور تعلیمات کی پیروی دنیا و آخرت میں کامیابی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 ستمبر2024ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے عید میلاد النبی ؐ کے باسعادت موقع پر امت مسلمہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ حضور اکرم ؐ کی ذات گرامی پوری انسانیت کے لیے امن، محبت اور رحمت کا باعث ہے، آپ ؐ کی سیرت طیبہ اور تعلیمات کی پیروی دنیا و آخرت میں کامیابی کا ذریعہ ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے عید میلاد النبی ؐ کے باسعادت موقع پر اپنے یغام میں کیا۔انہوں نے کہا کہ نبی کریمؐ کی حیات طیبہ ہمیں انصاف، محبت اور بھائی چارے کا درس دیتی ہے، آپ ؐکی ذات اقدس پوری کائنات کے لیے باعث رحمت اور مینارہ نور ہے۔ انہوں نے کہا کہ نبی کریم ؐ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر ہم ایک ایسا مثالی معاشرہ قائم کر سکتے ہیں جو عدل و انصاف اور مساوات پر مبنی ہو جہاں ہر شخص کو امن و انصاف میسر ہو۔

(جاری ہے)

سپیکر نے کہا کہ عید میلاد النبی ؐ کا دن اس عہد کی تجدید کا دن ہے کہ ہم اسلامی تعلیمات اور اقدار کے مطابق زندگی بسر کریں، فرقہ واریت، تشدد اور نفرت کو مٹا کرمضبوط اور متحد قوم بنیں ۔ انہوں نے کہا کہ نبی کریم ؐ کی سیرت طیبہ ہمارے لیے رشد و ہدایت کا سر چشمہ ہے، اس پر عمل پیرا ہو کر ہم دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفی شاہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ نبی کریم ؐکی سیرت طیبہ ہمارے لیے ہدایت کاسرچشمہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں عید میلاد النبی ؐکے موقع پر عہد کرنا چاہیے کہ ہم نبی کریم ؐ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر دنیا میں محبت اور بھائی چارے کو فروغ دیں گے۔ انہوں نے اللہ تعالیٰ سے نبی کریم ؐکی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کیلئے توفیق عطا فرمانے اور ملک کو ترقی، امن اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کی دعا کی۔