دادو میں ڈی ایس پی کی پولیس موبائل کو حادثہ،7پولیس اہلکارزخمی،نجی باورچی جاں بحق، اسپتال میں ایمبولینس نہ ہونے کا انکشاف

مشکوک کار کا پیچھا کرتے ہوئے پولیس موبائل الٹ گئی، ڈی ایچ کیو اسپتال میں ایمبولینس دستیاب نہ ہونے سے زخمیوں کی منتقلی میں ڈیڑھ گھنٹے کی تاخیر

اتوار 13 ستمبر 2026 12:05

دادو میں ڈی ایس پی کی پولیس موبائل کو حادثہ،7پولیس اہلکارزخمی،نجی باورچی ..
ْدادو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 ستمبر2026ء) دادو کے قریب پولیس موبائل حادثے کا شکار ہوگئی، جس کے نتیجے میں 7 پولیس اہلکار شدید زخمی جبکہ پولیس افسر کا مبینہ نجی باورچی جاں بحق ہوگیا۔ زخمی اہلکاروں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ایمبولینس کی عدم دستیابی کے باعث انہیں مزید علاج کے لیے سیہون منتقل کرنے میں تاخیر ہوئی۔

ذرائع کے مطابق ڈی ایس پی سٹی دادو اکبر چنہ کی پولیس موبائل ناڑیوال کے قریب ایک مشکوک کار کا پیچھا کررہی تھی کہ اچانک الٹ گئی۔ حادثے کے نتیجے میں نجی باورچی صابر شاہانی جاں بحق جبکہ 7 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔ حادثے کے وقت ڈی ایس پی اکبر چنہ پولیس موبائل میں موجود نہیں تھے۔زخمی اہلکاروں میں یوسف بھٹو، زید لٴْنڈ، لعل بخش گوپانگ، شیراز نائچ، ماجد قمبرانی، سکندر منگنہار اور احسان شاہانی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ہسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد تشویشناک حالت کے باعث سیہون منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا، تاہم ڈی ایچ کیو اسپتال میں ایمبولینس دستیاب نہ ہونے کے باعث منتقلی میں تقریباً ڈیڑھ گھنٹے کی تاخیر ہوئی۔حادثے کی اطلاع ملنے پر ایس ایس پی دادو کیپٹن (ر) صدام حسین خاصخیلی ڈی ایچ کیو اسپتال پہنچ گئے اور ایمبولینس کی عدم دستیابی پر ہسپتال عملے سے برہمی کا اظہار کیا۔

بعدازاں ریسکیو 1122 کی ایمبولینس کے ذریعے زخمی اہلکاروں کو سیہون منتقل کیا گیا۔ذرائع کے مطابق زخمیوں میں 2 پولیس اہلکاروں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے، جبکہ جاں بحق صابر شاہانی مبینہ طور پر ڈی ایس پی سٹی اکبر چنہ کے نجی باورچی تھے۔پولیس نے حادثے کے حوالے سے مزید تحقیقات شروع کردی ہیں۔