منہاج القرآن کے زیر اہتمام دس روزہ ڈپلومہ اِن قرآن سٹڈیز کی اختتامی تقریب

بدھ 9 جولائی 2025 22:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جولائی2025ء) منہاج القرآن کے زیر اہتمام بدھ کے روز دس روزہ ڈپلومہ اِن قرآن سٹڈیز کی اختتامی تقریب منعقد ہوئی، اس موقع پر طلبہ ،اساتذہ ،مذہبی و سماجی شخصیات سمیت سینکڑوں کی تعداد میں مرد و خواتین نے شرکت کی۔ تربیتی ورکشاپ میں قرآن فہمی، ترجمہ، عربی زبان کے موضوعات پر تربیت دی گئی۔تقریب کے مہمانِ خصوصی ناظم اعلی تحریک منہاج القرآن خرم نواز گنڈاپور تھے۔

کورس کا مقصد نوجوان نسل کو علوم القرآن سے روشناس کروانا اور انہیں قرآن حکیم کو اپنی زندگی کا عملی حصہ بنانے کی ترغیب دینا تھا۔خرم نواز گنڈا پور نے اپنے خطاب میں کہا کہ منہاج القرآن نوجوان نسل کو قرآن سے جوڑنے کے عظیم مشن پر گامزن ہے۔قرآن کریم صرف پڑھنے کی نہیں بلکہ سمجھنے اور اس پر عمل کرنے کی مقدس کتاب ہے۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر نظامت ایجوکیشن اینڈ پروفیشنل ڈویلپمنٹ حافظ سعید رضا بغدادی نے کورس کے اغراض ومقاصد،نصاب کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ یہ کورس 10 روز پر مشتمل تھا جس میں قرآن مجید کی تلاوت،ترجمہ،بنیادی تفاسیر اور عملی زندگی میں قرآن حکیم کے اصولوں کا اطلاق سکھایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ قرآن صرف تعلیم نہیں، تربیت، کردار، اخلاق، امن اور روشنی کا پیغام ہے۔ انہوں نے کہاکہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی دینی مساعی علوم القرآن کے فروغ پر مرکوز ہے ان کی ہدایت و رہنمائی میں ٹیم ای پی ڈی ملک بھر میں ڈپلومہ ان قرآن سٹڈیز کے پروگرام منعقد کر رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ قرآن مجید کی درست تفہیم میں ایمان و کردار کی سلامتی ہے۔

فیصل آباد میں منعقدہ اختتامی تقریب میں قاری ریاست علی چدھڑ، علامہ محمود مسعود قادری، علامہ انجینئر محمد سرفراز قادری، علامہ حسن محمود جماعتی اور علامہ احمد وحید قادری نے بھی خصوصی شرکت کی۔تقریب کے اختتام پر کورس مکمل کرنے والے شرکاء کو سرٹیفکیٹس دیے گئے۔ شرکا ء نے تحریک منہاج القرآن کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس کورس نے ان کی زندگی میں ایک مثبت تبدیلی پیدا کی ہے۔