امام کعبہ کی جعلی اکاؤنٹس و ٹیکنالوجی کے غلط استعمال کیخلاف تنبیہ

سوشل میڈیا جھوٹی زندگیوں اور غیر منصفانہ موازنے کا تھیٹر بن چکا جو حسد، رنجش اور ناشکری بڑھاتا ہے، ہر شخص جو کچھ آن لائن شائع اور شیئر کرتا ہے اس کیلئے وہ اللہ کے سامنے جوابدہ ہے؛ شیخ یاسر الدوسری کا خطبہ

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 2 اگست 2025 15:12

امام کعبہ کی جعلی اکاؤنٹس و ٹیکنالوجی کے غلط استعمال کیخلاف تنبیہ
مکہ مکرمہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 اگست 2025ء ) امام کعبہ نے جعلی سوشل میڈیا اکاؤنٹس اور ٹیکنالوجی کے غلط استعمال کے خلاف تنبیہ جاری کردی۔ سعودی گزٹ کے مطابق مکہ مکرمہ میں مسجدالحرام کے امام اور مبلغ شیخ یاسر الدوسری نے اپنے جمعہ کے خطبہ میں مسلمانوں پر زور دیا کہ وہ خبروں کو شیئر کرنے سے پہلے اس کی تصدیق کریں اور پیڈ یا جعلی سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے ایسے مواد کو پھیلانے سے گریز کریں جو کہ من گھڑت بیانات اور جھوٹے فتوے ہوں، ان میں سے بہت سے اکاؤنٹس جان بوجھ کر شہرت کو بگاڑنے اور معاشرے میں تقسیم کے بیج بونے کے لیے غلط معلومات پھیلاتے ہیں، سوشل میڈیا اکثر جھوٹی زندگیوں اور غیر منصفانہ موازنہ کا تھیٹر بن چکا ہے، جو حسد، رنجش اور ناشکری کو بڑھاتا ہے، ہر شخص جو کچھ وہ آن لائن شائع اور شیئر کرتا ہے اس کیلئے وہ اللہ کے سامنے جوابدہ ہے۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ کمیونٹیز کی خدمت کے لیے ٹیکنالوجی کو بروئے کار لانے میں مملکت کے اہم کردار کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے ڈیجیٹل میدان میں سعودی عرب کے وژن اور مستحکم اقدامات کی تعریف کی، تاہم اس کے غلط استعمال کے خلاف خبردار کرتے ہوئے کہا کہ سمارٹ فونز، کچھ لوگوں کے لیے کنکشن کے ٹولز سے الگ تھلگ ہونے کے ذرائع میں بدل گئے ہیں، لوگ دوسروں کے درمیان دل کے بغیر جسم، روح کے بغیر حواس کی مانند ان پلیٹ فارمز کے ذریعے لامتناہی سکرول کرتے اور بغیر مقصد کے کلپس میں ڈوبے ہوئے بہت کم فائدہ اٹھاتے ہوئے نظر آتے ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ امام کعبہ نے جعلی اکاؤنٹس کا ذکر کیا جو جھوٹ پھیلاتے ہیں اور من گھڑت مذہبی احکام کو تحریف کی منظم مہمات کے حصے کے طور پر علماء سے منسوب کرتے ہیں، الدوسری نے ان خطرات کو جلد پہچاننے اور توازن بحال کرنے کی ضرورت پر زور دیا، انہوں نے "ڈیجیٹل لت" سے نمٹنے اور زندگی کی ترجیحات کو دوبارہ ترتیب دینے کے لیے ایسے آلات سے مختصر وقفے لینے کا مشورہ دیا۔