زیادتی کیس کے ملزم کی ضمانت کی درخواست پر متعلقہ ایس پی طلب

پیر 15 ستمبر 2025 20:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 ستمبر2025ء) لاہور ہائیکورٹ نے زیادتی کیس کے ملزم کی ضمانت کی درخواست پر متعلقہ ایس پی کو رپورٹ سمیت طلب کرلیا۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس جسٹس جواد ظفر نے ملزم سلمان حیدر کی درخواست پرسماعت کی ۔سماعت کے دوران تفتیشی افسر نے موقف اختیار کیا کہ ملزم سلمان حیدر تفتیش کے دوران قصوروار ثابت ہوا ہے اور اس کے خلاف ٹھوس شواہد موجود ہیں۔

(جاری ہے)

دوسری جانب مدعیہ کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ کیس کی تفتیش میں متعدد نقائص ہیں اور شریک ملزمان رجب بٹ اور مان ڈوگر کو حقائق کے برعکس کلین چٹ دی گئی ہے۔ شریک ملزمان کو چھوڑنے کی کوئی ٹھوس بنیاد سامنے نہیں آئی جبکہ مدعیہ خاتون اور اس کی ہمشیرہ کے موبائل فونز سے بھی تمام ڈیٹا حذف کر دیا گیا۔عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد آئندہ سماعت پر ایس پی کو ریکارڈ سمیت طلب کرتے ہوئے کارروائی 19 ستمبر تک ملتوی کردی۔