برطانیہ کے ٹائیفون جنگی طیارے نیٹو کی مشرقی سرحدی دفاعی کارروائی میں شامل

منگل 16 ستمبر 2025 22:54

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 ستمبر2025ء)برطانوی وزارتِ دفاع نے اعلان کیا ہے کہ رائل ایئر فورس کے یوروفائٹر ٹائیفون جنگی طیارے نیٹو کی مشرقی سرحد پر دفاع اور نگرانی بڑھانے کے لیے جاری آپریشن میں شامل ہوں گے۔ عرب ٹی وی کے مطابق یہ طیارے لنکن شائر کے آر اے ایف کوننگزبی بیس سے آپریشن کریں گے اور آئندہ چند روز میں پولینڈ کی فضائوں میں پروازیں شروع کر دیں گے۔

ان مشنز میں ایئر ٹو ایئر ری فیولنگ کے لیے آر اے ایف برائز نارٹن سے روانہ ہونے والے وائیگر طیارے معاونت فراہم کریں گے۔ اس نیٹو کارروائی میں ڈنمارک، فرانس، اور جرمنی کے جنگی طیارے بھی شامل ہیں۔نیٹو کے سیکریٹری جنرل مارک روٹے نے 12 ستمبر کو آپریشن ایسٹرن سینٹری کے آغاز کا اعلان کیا تھا۔

(جاری ہے)

یہ فیصلہ پولینڈ کی درخواست پر 10 ستمبر کو نیٹو معاہدے کے آرٹیکل 4 کے تحت ہونے والی مشاورت کے بعد کیا گیا۔

اس مشاورت کی وجہ پولینڈ کی فضائی حدود میں بغیر پائلٹ ڈرونز کی دراندازی تھی، جنہیں پولش افواج نے نشانہ بنا کر تباہ کر دیا۔پولینڈ کے وزیرِ اعظم ڈونالڈ ٹسک کے مطابق، ملک کی فضائی حدود کی 19 بار خلاف ورزی کی گئی۔ دوسری جانب روسی وزارتِ دفاع کا کہنا ہے کہ 9 اور 10 ستمبر کی درمیانی رات کو روسی افواج نے یوکرین کے مختلف فوجی صنعتی مراکز کو نشانہ بنایا، جن میں ایوانو-فرینکوفسک، خملنیتسکی، جھٹومیر، وینیتسا اور لویو شامل ہیں۔

وزارت کا اصرار ہے کہ ان حملوں میں پولینڈ کی سرزمین پر کوئی ہدف شامل نہیں تھا۔روسی وزارتِ دفاع کے مطابق، جن UAVs کے بارے میں دعوی کیا گیا کہ وہ پولینڈ کی حدود میں داخل ہوئے، ان کی زیادہ سے زیادہ پرواز کی حد 700 کلومیٹر تھی۔ روس نے پولینڈ کے ساتھ اس واقعے پر بات چیت کے لیے آمادگی کا اظہار بھی کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :