ضلعی انتظامیہ کوئٹہ کی کارروائیاں، 24 افراد گرفتار

جمعرات 18 ستمبر 2025 23:27

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2025ء) ضلعی انتظامیہ کوئٹہ کی جانب سے گراں فروشی، ممنوعہ پلاسٹک بیگز، ڈیری و پولٹری فارمز، دودھ فروشوں اور تجاوزات کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔تفصیلات کے مطابق مختلف علاقوں میں کارروائیوں کے دوران 165 دکانوں، ڈیری اور دودھ کی دکانوں کا معائنہ کیا گیا، 24 افراد کو گرفتار اور 16 کو جیل منتقل کیا گیا۔

310 کلوگرام پلاسٹک بیگز ضبط، 8 دکانیں جبکہ 4 ڈیری اور پولٹری فارم سیل کر دیے گئے۔ اس کے علاوہ 23 دکانداروں پر جرمانے بھی عائد کیے گئے۔کارروائیوں کے دوران اسپیشل مجسٹریٹ سب ڈویژن (سٹی) لیاقت علی جتوئی نے اسپنی روڈ، بروری روڈ اور جان محمد روڈ پر دودھ فروشوں اور ڈیری و پولٹری فارموں کے خلاف چیکنگ کی جبکہ ایم سی کیو عملے کے ہمراہ مسجد روڈ، بلدیہ پلازہ اور میزان چوک پر تجاوزات ہٹائے۔

(جاری ہے)

اسپیشل مجسٹریٹ سب ڈویژن (سریاب) عزت اللہ نے سریاب روڈ کے مختلف مقامات پر گراں فروشی اور ممنوعہ پلاسٹک بیگز کے خلاف کارروائی کی۔اسسٹنٹ کمشنر (کچلاک) احسام الدین کاکڑ نے کچلاک میں کارروائی کرتے ہوئے 150 کلوگرام پلاسٹک بیگز ضبط کیے اور ایک ہول سیل دکان سیل کر دیا۔اسپیشل مجسٹریٹ سب ڈویژن (صدر) حسیب سردار نے نواں کلی، جناح ٹاو ن اور عالمو چوک میں پرائس کنٹرول اور پلاسٹک بیگز کے خلاف کارروائیاں کیں۔ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے کہا کہ شہر میں گران فروشی، تجاوزات اور ممنوعہ پلاسٹک بیگز کے خلاف کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔