عوام کی خدمت کرکے روحانی سکون ملتا ہے، سعید احمد بیگ

ادارہ بلا تفریق رنگ و نسل، مذہب و مسلک انسانیت کی خدمت کو اپنا مشن سمجھتا ہے

اتوار 21 ستمبر 2025 17:35

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 ستمبر2025ء)پاک امن ویلفیئر ایسوسی ایشن کے چیئرمین سعید احمد بیگ نے کہا ہے کہ عوام الناس کی خدمت کرکے جو روحانی اطمینان اور قلبی سکون حاصل ہوتا ہے، وہ دنیا کی کسی اور نعمت سے ممکن نہیں۔ ہم اپنے تمام فلاحی منصوبے اور امدادی سرگرمیاں اپنی مدد آپ کے تحت جاری رکھے ہوئے ہیں اور یہی ہماری خودداری اور خلوص کی بنیاد ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاک امن ویلفیئر ایسوسی ایشن غریب، نادار، پسماندہ اور ضرورت مند طبقات کی عملی مدد کے لیے دن رات سرگرم ہے۔ ادارہ بلا تفریق رنگ و نسل، مذہب و مسلک انسانیت کی خدمت کو اپنا مشن سمجھتا ہے۔ راشن تقسیم، میڈیکل کیمپس، تعلیمی معاونت، یتیم بچوں کی کفالت اور دیگر فلاحی سرگرمیاں مکمل شفافیت کے ساتھ انجام دی جا رہی ہیں۔

(جاری ہے)

سعید احمد بیگ نے مخیر حضرات، فلاحی اداروں اور سماجی شخصیات سے پرزور اپیل کی کہ وہ پاک امن ویلفیئر ایسوسی ایشن کے ساتھ اس کارِ خیر میں شراکت دار بنیں۔

انہوں نے کہاکہ ہم ان تمام افراد کو خوش آمدید کہتے ہیں جو ہمارے ادارے میں آ کر اپنی آنکھوں سے شفافیت دیکھنا چاہتے ہیں یا اپنے ہاتھوں سے مستحقین کو مدد فراہم کرنا چاہتے ہیں۔ یہ پلیٹ فارم صرف ہماری تنظیم کا نہیں، ہر اس فرد کا ہے جو انسانیت سے محبت کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ وقت ہے کہ معاشرے کے صاحبِ حیثیت افراد آگے بڑھیں اور صرف عطیات نہیں، بلکہ اپنا وقت، مشورہ اور توانائی بھی اس مشن میں صرف کریں تاکہ ایک پرامن، باوقار اور خود کفیل معاشرہ تشکیل پا سکے۔

متعلقہ عنوان :