بلوچستان سرمایہ کاری کے نئے دور میں داخل ہو چکا ہے،وزیراعلیٰ بلوچستان

بلوچستان قدرتی وسائل اور مواقع سے مالا مال ،صوبائی حکومت ان مواقع کو بروئے کار لانے کیلئے سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کر رہی ہے، میر سرفراز بگٹی

منگل 23 ستمبر 2025 20:11

بلوچستان سرمایہ کاری کے نئے دور میں داخل ہو چکا ہے،وزیراعلیٰ بلوچستان
کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 ستمبر2025ء)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان سرمایہ کاری کے نئے دور میں داخل ہو چکا ہے، حب کے علاقے ڈامب میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل کے تحت 5 ارب روپے مالیت کا جھینگا فارم منصوبہ صوبے کی ترقی اور خوشحالی کے سفر میں تاریخی سنگ میل ہے یہ بات انہوں نے وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ میں منعقدہ پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ ، محکمہ ماہی گیری اور ہاؤس آف کاسب، دھابیجی ایکوا فوڈ اور الکرم ٹیکسٹائل گروپ پر مشتمل کنسورشیم کے درمیان ایک اہم مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے گئے اس معاہدے کے تحت جدید آبی زراعت (Aquaculture) کے ذریعے ڈامب میں جھینگا فارم کا قیام عمل میں آئے گا جو ماہی پروری کے شعبے میں انقلاب برپا کرے گا صوبے کی برآمدات کو نئی جِلا بخشے گا اور ہزاروں نوجوانوں کو باعزت روزگار فراہم کرے گا وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان قدرتی وسائل اور مواقع سے مالا مال ہے اور صوبائی حکومت ان مواقع کو بروئے کار لانے کے لیے سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کر رہی ہے انہوں نے کہا کہ بلوچستان کو ایک پرامن، محفوظ اور سرمایہ کار دوست صوبہ بنانے کے لیے سنجیدہ اقدامات جاری ہیں، تاکہ ملکی و غیر ملکی سرمایہ کار اطمینان اور اعتماد کے ساتھ صوبے میں سرمایہ کاری کر سکیں انہوں نے کہا کہ ماہی گیری، زراعت اور مائننگ سمیت مختلف شعبے سرمایہ کاروں کے لیے سنہری امکانات رکھتے ہیں اور حکومت ڈویلپمنٹ پارٹنرز کے ساتھ مل کر ان شعبوں میں تیز رفتار ترقی کے لیے کام کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ نے بلوچستان بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ اور ان کی ٹیم کو اس کامیاب پیش رفت پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ بلوچستان کے عوام کے لیے ایک نئی امید ہے انہوں نے کہا کہ جھینگا فارم منصوبے سے نہ صرف صوبائی معیشت کو نئی سمت اور رفتار ملے گی بلکہ بلوچستان پاکستان کی برآمدی معیشت میں ایک کلیدی کردار ادا کرے گا وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سرمایہ کاری بلوچستان کا ایک دیرینہ خواب تھا جو آج عملی حقیقت میں بدل رہا ہے یہ منصوبہ ترقی و خوشحالی کے ایک نئے باب کا آغاز ہے اور اس کے مثبت اثرات آنے والی نسلوں تک پہنچیں گے تقریب میں صوبائی وزرائ ، پارلیمانی سیکرٹری فشریز، بلوچستان بورڈ آف انویسٹمنٹ کے وائس چیئرمین بلال کاکڑ اور اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔