جنرل ہسپتال گائنی یونٹ 2میں تربیتی کورس، صوبہ بھر سے گائناکالوجسٹس کی شرکت

گائناکالوجسٹ ماں اور بچے کی جان بچانے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں‘ڈاکٹر فاروق افضل

اتوار 21 ستمبر 2025 17:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 ستمبر2025ء)پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹیٹیوٹ پروفیسر فاروق افضل نے کہا کہ گائناکالوجسٹ کا دوران حمل حاملہ خواتین کی رہنمائی اور ضروری میڈیکل کیئر پرووائیڈر کے طور پر بہت اہم کردار ہوتا ہے اور وضع حمل وقت ماں اور بچے کی جان بچانے میں گائنا کالوجسٹ کی مہارت، تجربہ اور پیشہ ورانہ قابلیت کلیدی اہمیت رکھتی ہے،جو ایک عظیم اور خدائی وصف ہے۔

اللہ تعالیٰ نے انہیں انسانیت کی خدمت اور تحفظ کی بھاری ذمہ داری سونپی ہے، لہٰذا اُن پر لازم ہے کہ وہ اپنی پیشہ ورانہ مہارت کو بہتر بنانے اور خواتین کے امراض کو بہتر انداز میں سمجھنے پر بھرپور توجہ دیں تاکہ ماں اور بچے کی زندگیوں کو محفوظ بنایا جا سکے۔ ان کی کوششوں سے زچگی کے دوران شرح اموات میں بھی کمی آئے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے ان خیالات کا اظہار پوسٹ گریجویشن کے امتحان میں شرکت کرنے والے ڈاکٹرز کیلئے لاہور جنرل ہسپتال میں منعقدہ تربیتی کورس میں شریک شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

دو روزہ کورس کا انعقاد پروفیسر آمنہ احسن چیمہ نے گائنی یونٹ 2میں کیا، جس میں صوبہ بھر سے 70ڈاکٹرز نے شرکت کی، جو ایف سی پی ایس،آئی ایم ایم، ایم سی پی ایس کے امتحانات میں شریک ہونگے۔ ڈاکٹر سائرہ ذیشان نے کورس کے اغراض و مقاصد پر تفصیلی روشنی ڈالی۔اس موقع پر ڈاکٹر لیلی شفیق و دیگر ڈاکٹرز موجود تھے ۔پروفیسر آمنہ احسن چیمہ نے بتایا کہ تربیتی کورس میں ملک کے معروف ماہر گائناکالوجسٹ اور پروفیسرز جن میں پروفیسر روبینہ سہیل، پروفیسر ڈاکٹر الفرید ظفر، پروفیسر ڈاکٹر محمد طیب، پروفیسر ڈاکٹر ارشد چیمہ، پروفیسر ڈاکٹر نورین اکمل، پروفیسر ڈاکٹر تبسم رانی، پروفیسر عالیہ بشیر، پروفیسر ڈاکٹر عظمی حسین، پروفیسر ڈاکٹر شمیلہ اعجاز، پروفیسر ڈاکٹر عائشہ ملک، پروفیسر جودت، پروفیسر صائمہ اقبال، پروفیسر ڈاکٹر خدیجہ، پروفیسر ڈاکٹر فرزانہ، ڈاکٹر سائرہ ذیشان اور دیگر ماہرین نے خصوصی لیکچرز دیے اور امتحانات کی تیاری کے حوالے سے شرکاء کی راہنمائی کی۔

انہوں نے کہا کہ طلباء کو چاہیے کہ وہ مکمل اعتماد کے ساتھ امتحان میں شریک ہوں تاکہ ہر سوال کا درست جواب دے کر کامیابی حاصل کر سکیں۔پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل نے اس امید کا اظہار کیا کہ اس امتحان میں شریک تمام مرد و خواتین ڈاکٹرز مستقبل کے بہترین گائناکالوجسٹ بنیں گے اور سرکاری و نجی شعبے میں دکھی انسانیت کی خدمت کے ذریعے اپنا نام روشن کریں گے۔

انہوں نے سینئر اساتذہ کی جانب سے نوجوان ڈاکٹروں کی تعلیمی و پیشہ ورانہ تربیت، مریضوں کی راہنمائی اور جدید تکنیکس سے ہم آہنگ کرنے کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے نوجوان ڈاکٹروں کو تجربہ و مہارت فراہم کرنے والے ماہرین کا بھی شکریہ ادا کیا۔ پرنسپل پروفیسر فاروق افضل نے کورس کے شاندار انعقاد پر پروفیسر امنہ حسن چیمہ، ڈاکٹر سائرہ ذیشان، ڈاکٹر لیلی شفیق اور دیگر ماہر ڈاکٹروں کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ صوبے بھر سے ڈاکٹروں کی لاہور جنرل ہسپتال میں تربیتی کورس میں شرکت ایک خوش آئند امر ہے اور اس طرح کی تعلیمی سرگرمیاں مستقبل میں بھی جاری رکھی جائیں گی۔پرنسپل پروفیسر فاروق افضل ہے کورس میں لیکچر دینے والے میڈیکل ٹیچرزکو یادگاری شیلڈ پیش کیں۔

متعلقہ عنوان :