محکمہ زراعت ساہیوال اور فاطمہ فرٹیلائزر کمپنی کے باہمی تعاون سے دودھا سہو میں ایک سمارٹ کسان اجتماع کا انعقاد کیا گیا

جمعہ 14 نومبر 2025 20:57

ساہیوال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 نومبر2025ء) محکمہ زراعت ساہیوال اور فاطمہ فرٹیلائزر کمپنی کے باہمی تعاون سے دودھا سہو میں ایک سمارٹ کسان اجتماع کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب کا مقصد کاشتکاروں میں جدید گندم پیداوار ٹیکنالوجی اپنانے کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا تھا تاکہ وہ زیادہ پیداوار اور بہتر منافع حاصل کر سکیں۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈائریکٹر زراعت چوہدری شہباز اختر تھے جبکہ ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت ڈاکٹر طاہر جاوید بھی ان کے ہمراہ تھے۔

تقریب کے دوران اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت ڈاکٹر محمد اسلم نے گندم کی جدید پیداواری ٹیکنالوجی پر تفصیلی لیکچر دیا۔ انہوں نے کاشتکاروں کو جدید زرعی طریقہ کار کے بارے میں بتایا جن میں زمین کی بہتر تیاری، منظور شدہ اقسام کا انتخاب، بیج کی شرح اور بوائی کا مناسب وقت، کھادوں کا متوازن استعمال، جڑی بوٹیوں کا تدارک، آبپاشی کا شیڈول اور بیماریوں و کیڑوں پر قابو پانے کے طریقے شامل تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کاشتکاروں کو موسمیاتی تبدیلیوں سے ہم آہنگ جدید تکنیکیں اپنانے کی بھی ہدایت کی تاکہ گندم کی پیداوار اور پائیداری میں اضافہ کیا جا سکے۔ اپنے خطاب میں ڈاکٹر محمد اسلم نے شرکاء کو حکومت کی جانب سے گندم کی امدادی قیمت 3500 روپے فی 40 کلوگرام مقرر کیے جانے سے آگاہ کیا اور بتایا کہ یہ اقدام کاشتکاروں کو گندم کی کاشت میں اضافہ کرنے کی ترغیب دے گا اور ملکی غذائی تحفظ کو یقینی بنائے گا۔ ڈائریکٹر زراعت چوہدری شہباز اختر نے اپنے کلیدی خطاب میں شرکاء کو حکومت کے مختلف ترقیاتی منصوبوں اور کاشتکار دوست پالیسیوں کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا۔ \378