سیالکوٹ ، باغبان کو پھلدار پودوں کو کورے سے بچانے کیلئے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت

بدھ 19 نومبر 2025 14:50

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 نومبر2025ء) اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ زراعت سمبڑیال ڈاکٹر افتخار حسین بھٹی نے کہا ہے کہ باغبانپھلدار پودوں کو کورے سے بچانے کیلئے ضروری اقدامات کریں۔انہوں نے باغبانوں کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ موسم سرما کے دوران کورے کے دنوں میں پھلدار پودوں میں آم، لیچی، کیلااور امرود سب سے زیادہ کورے کی زد میں آتاہے جبکہ ترشاوہ پودوں میں کاغذی لیموں اور سیڈ لیس لیموں کو بھی نقصان پہنچنے کا خدشہ رہتاہے، زیادہ کورے کی صورت میں نرسریوں میں موجود تمام پودے بھی ناکارہ ہو سکتے ہیں لہٰذاعام طور پردسمبر و جنوری میں جب سردہوائیں چلتی ہوں اور رات کو مطلع صاف ہونے سمیت ہوا بالکل بند ہو جائے تو یہ بات سمجھ لینی چاہیے کہ کورا پڑنے والا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ زیادہ کورا پڑنے سے پھلوں کارس خشک، پودوں کا چھلکا پھٹ جاتاہے اور نرم و نازک شاخیں بھی متاثر ہو کر خشک ہو جاتی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ باغبانوں کو کورے کے دنوں میں ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرنی چاہیں جبکہ اس ضمن میں ماہرین زراعت یا محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف سے بھی مزید رہنمائی حاصل کی جاسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کے میدانی علاقوں میں دسمبر کے وسط سے لے کر آئندہ دو ماہ تک کورا پڑنے کا خدشہ ہوتا ہے لہٰذا کاشتکار کورے سے بچاؤکیلئے تدارکی اقدامات یقینی بنائیں تاکہ بعد ازاں انہیں کسی پریشانی یا مالی نقصان کا سامنا نہ کرناپڑے۔

انہوں نے بتایاکہ کورا باغات اور نرسریوں کو بہت نقصان پہنچاتاہے اور اگر پھلدرار بڑے وچھوٹے پودے کورے کی لپیٹ میں آجائیں تو پھر انہیں بھی دوسرے جانداروں کی طرح موسم کے تغیر و تبدل سے بچانا ممکن نہیں رہتا۔

متعلقہ عنوان :