رحیم یارخان، 250 ایکڑ زمین پر ماڈل جنگلات لگارہے ہیں،ڈپٹی کمشنر

جمعہ 28 نومبر 2025 17:10

رحیم یارخان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 نومبر2025ء) ڈپٹی کمشنر رحیم یار خان ظہیر انور جپہ نے محکمہ جنگلات کے زیر اہتمام ولہار جنگلات میں حکومت پنجاب کی شجر کاری مہم کے تحت 250 ایکڑ زمین کی تیاری کے عمل میں شرکت کی اور پودا لگا کر مہم کا باقاعدہ آغاز کیا۔ اس موقع پر انہوں نے خود ٹریکٹر چلا کر زمین ہموار کرنے کے عمل میں عملی طور پر حصہ لیا اور شجر کاری کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

(جاری ہے)

ڈسٹرکٹ آفیسر جنگلات عظیم ظفر نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ولہار جنگلات میں شجر کاری مہم کے دوران ڈیڑھ لاکھ سے زائد پودے لگائے جائیں گے جس کے لیے 250 ایکڑ زمین تیار کی جا رہی ہے جبکہ آئندہ مرحلے میں اس رقبے کو 350 ایکڑ تک توسیع دی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ شجر کاری ماحولیاتی بہتری اور موسمی تغیرات سے نمٹنے کے لیے ناگزیر ہے، حکومت پنجاب اس حوالے سے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے اور ضلع انتظامیہ بھی اس مہم کو کامیاب بنانے کے لیے بھرپور کردار ادا کرے گی۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر صادق آباد ندیم بلوچ، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ طالب حسین رندھاوا سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی ہمراہ موجود تھے۔\378

متعلقہ عنوان :