محکمہ زراعت کی کاشتکاروں کو رایا اور سرسوں کی فصل کو بیماریوں سے بچانے کی ہدایت

ہفتہ 29 نومبر 2025 13:08

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 نومبر2025ء) ڈائریکٹر پیسٹ وارننگ و کوالٹی کنٹرول آف پیسٹی سائیڈز محکمہ زراعت (پلانٹ پروٹیکشن) ڈاکٹر مقصود احمد نے رایا اور سرسوں کے کاشتکاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی فصلوں کو بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے لیے محکمہ زراعت اور زرعی ماہرین کی سفارشات پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائیں ۔انہوں نے بتایا کہ سفوفی پھپھوندی کے حملے سے رایا اور سرسوں کے پتے جھڑ جاتے ہیں، تنے گلنے لگتے ہیں اور پھلیاں بننے کا عمل بری طرح متاثر ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

اسی طرح جھلساؤ کی بیماری کی صورت میں پتوں، پھلیوں اور ٹہنیوں پر سیاہ و بھورے دھبے پڑ جاتے ہیں، پتوں میں سوراخ پیدا ہو جاتے ہیں اور شدید حملہ کی صورت میں پھلیاں چھوٹی اور کمزور رہ جاتی ہیں۔ڈاکٹر مقصود احمد نے کہا کہ سفید کنگھی بھی پھولوں پر حملہ آور ہو کر انہیں بد شکل کر دیتی ہے، بیج بننے کا عمل رک جاتا ہے اور متاثرہ حصوں میں سڑن پیدا ہو جاتی ہے۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ کاشتکار ماہرین زراعت کی رہنمائی میں سفارش کردہ زہروں کا استعمال کریں تاکہ فصل کو ان بیماریوں سے موثر طور پر تحفظ فراہم کیا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :