صوبائی وزیر سید عاشق حسین کرمانی کی زیرصدارت اجلاس ، فیصل آباد ڈویژن میں گندم کی کاشت کا جائزہ لیا گیا

پیر 1 دسمبر 2025 18:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 دسمبر2025ء) وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی کی زیر صدارت گندم کی کاشت کے جائزہ کے لیے کمشنر آفس فیصل آباد ڈویژن میں اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں پارلیمانی سیکرٹری برائے زراعت اسامہ خان لغاری، ممبر صوبائی اسمبلی سردار خان بہادر ڈوگر، سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو، کمشنر فیصل آباد ڈویژن راجہ جہانگیر انور، ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ ندیم ناصرجبکہ متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے آن لائن شرکت کی علاوہ ازیں ڈائریکٹر جنرل زرعی اطلاعات نوید عصمت کاھلوں،چیف سائنٹسٹ ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد ڈاکٹر جاوید احمد،ڈائریکٹر زراعت توسیع فیصل آباد ڈویژن چوہدری خالد محمود سمیت دیگر افسران، نجی کھاد و بیج کمپنیوں اور کاشتکار تنظیموں کے نمائندگان شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں رواں سیزن گندم کی کاشت کا ہدف 1 کروڑ 65 لاکھ ایکڑ مقرر کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گندم ملکی فوڈ سکیورٹی کے لیے ناگزیر ہے۔ وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر صوبہ میں گندم کی کاشت کے ہدف کے حصول کے لیے تمام ممکنہ وسائل و ذرائع بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلی پنجاب کی ہدایات کے مطابق صوبہ میں گندم کی کاشت کے ہدف کے حصول کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز عملی کردار ادا کر رہے ہیں۔

گندم کی بوائی کے نتائج حوصلہ افزا ہیں۔سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ سپر سیڈرز کے استعمال سے فیصل آباد ڈویژن میں بڑے رقبے پر گندم کاشت کی جا رہی ہے۔ صوبہ میں 5 ہزار سپر سیڈرز کاشتکاروں کو سبسڈی پر فراہم کیے جا چکے ہیں جبکہ 5 ہزار مزید فراہم کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ربیع سیزن میں پہلی بار کھادیں مقررہ نرخوں سے کم قیمت پر وافر مقدار میں دستیاب ہیں اور جعلی زرعی ادویات و کھادوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل کیا جا رہا ہے۔

وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر سرکاری رقبوں پر 100 فیصد گندم کی کاشت یقینی بنائی گئی ہے۔سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر گندم کے پیداواری مقابلہ جات کا انعقاد کیا جا رہا ہے جن میں کامیاب کاشتکاروں کو ٹریکٹرز سمیت کروڑوں روپے کے نقد انعامات دیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی سطح پر اول انعام 85 ہارس پاور، دوم 75 ہارس پاور اور سوئم 60 ہارس پاور ٹریکٹرز ہیں جبکہ ضلعی سطح پر پہلا انعام 10 لاکھ روپے، دوسرا 8 لاکھ روپے اور تیسرا 5 لاکھ روپے مقرر کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کسان کارڈ کے تحت اب تک 7 لاکھ سے زائد کاشتکاروں کو 90 ارب روپے کا بلا سود قرض جاری کیا جا چکا ہے اور واجب الادا رقم کی ادائیگی پر 24 گھنٹوں میں دوبارہ قرض فراہم کیا جارہا ہے۔اجلاس کے دوران کمشنر فیصل آباد ڈویژن راجہ جہانگیر انور نے بتایا کہ فیصل آباد ڈویژن میں گندم کی کاشت کا ہدف 18 لاکھ 34 ہزار مقرر کیا گیا تھاجسے مکمل طور پر کامیابی کے ساتھ حاصل کر لیا گیا ہے