سمبڑیال،کاشتکاروں کو گندم کی پچھیتی کاشت10 دسمبر تک مکمل کر نے کی ہدایت

بدھ 3 دسمبر 2025 16:55

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 دسمبر2025ء) اسسٹنٹ ڈائریكٹر محكمہ زراعت سمبڑیال ڈاكٹر افتخار حسین بھٹی نے کاشتکاروں کو گندم کی پچھیتی کاشت10 دسمبر تک مکمل کر نے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے بدھ كو گندم كے كاشتكاروں كے نام پیغام میں كہا كہ کاشتکار گندم کی پچھیتی کاشت10 دسمبر سے پہلے مکمل کر لیں اور تاخیر سے بچنے کے لئے جہاں ضروری ہو خشک بوائی کریں۔

انہوں نے كہا کہ گندم کا بیج پنجاب سیڈ کارپوریشن کے فروخت مراکز کے علاوہ رجسٹرڈ ڈیلرز سے بھی رعایتی قیمتوں پر دستیاب ہے، گندم کی کاشت کے لئے شرح بیج50 کلوگرام فی ایکڑ سے كم نہ رکھیں، بیج کے اُگاؤ کی شرح85فیصد سے زائد ہونی چاہیے۔انہوں نے مزید كہا كہ گندم کے کاشتکار آبپاش علاقوں میں فی ایکڑ زیادہ پیداوار کے لئے کمزور زمین میں دو بوری ڈی اے پی، دوبوری یوریا ، ایک بوری ایس او پی / ایم او پی فی ایکڑ ڈالیں،اوسط زمین میں ڈیرھ بوری ڈی اے پی، پونے دو بوری یوریا، ایک بوری ایس او پی/ ایم او پی فی ایکڑ استعمال کریں جبکہ زرخیز زمین کے لئے سوا بوری ڈی اے پی، ڈیرھ بوری یوریا اور ایک بوری ایس او پی/ ایم او پی فی ایکڑ ڈالیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے كہا كہ اگر کسی وجہ سے فاسفورسی کھاد بوقت بوائی نہ ڈالی جا سکے تو پہلے پانی کے ساتھ ڈالیں،پچھیتی کاشت کی صورت میں کھادوں کی پوری مقدار بوقت کاشت ہی ڈالیں۔

متعلقہ عنوان :