گندم سمیت دیگر فصلات میں موجود جڑی بوٹیاں فصل کی پیداواری صلاحیت کو بری طرح متاثر کرتی ہیں، محکمہ زراعت سمبڑیال

بدھ 3 دسمبر 2025 16:56

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 دسمبر2025ء) اسسٹنٹ ڈائریكٹر محكمہ زراعت سمبڑیال ڈاكٹر افتخار حسین بھٹی نے كہا ہے كہ گندم سمیت دیگر فصلات میں موجود جڑی بوٹیاں فصل کی پیداواری صلاحیت کو بری طرح متاثر کرتی ہیں جس کے باعث فی ایکڑ پیداوار میں بھی کمی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، کاشتکار جڑی بوٹیوں کی تلفی کو بروقت یقینی بنائیں اور جڑی بوٹیاں ختم کرنے کیلئے داب کا طریقہ استعمال کریں۔

ان خیالات كا اظہار انہوں نے بدھ كو كسانوں كےنام اپنے پیغام میں كیا۔ انہوں نے كہا كہ داب كا طریقہ انتہائی آسان ترین، سب سے سستا اور مؤثر ہے تاہم جڑی بوٹیوں کو بار ہیرو، گوڈی اور دیگر کیمیائی و غیر کیمیائی طریقوں سے بھی ختم کر کے گندم کی پیداوار میں 14سے 42فیصد تک اضافہ یقینی بنایا جاسکتاہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے كہا كہ بارہیرو طریقہ بارش کے بعد زمین کے وتر حالت میں آنے پر اختیار کیا جانا چاہئے کیونکہ دوھری بارہیرو چلانے سے جنگلی جئی اور دمبی سٹی جیسی جڑی بوٹیاں تلف ہوجاتی ہیں اور گوڈی کا عمل جڑی بوٹیوں کی تلفی کے علاوہ فصل کی نشوونما کیلئے بھی مفید ہے۔

انہوں نے بتایاکہ جڑی بوٹیوں کو آغاز ہی میں ختم کرنے کیلئے پودوں کے صحیح اگاؤ کے بعد کھرپے یا کسولے کے ذریعے گوڈی کرکے کھیت کو جڑی بوٹیوں سے پاک کیا جاسکتاہے اور کیمیائی طریقہ انسداد کے ذریعے جڑی بوٹیوں کو تلف کرنے کیلئے مختلف کیمیائی زہریں بھی استعمال کی جاسکتی ہیں۔انہوں نے بتایاکہ گھاس نما یعنی باریک پتوں والی جڑی بوٹیوں کیلئے علیحدہ زہریں استعمال کرنی چاہئیں اور اسی طرح چوڑے پتوں والی جڑی بوٹیوں کیلئے مخصوص زہریں استعمال کرنی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ ماہرین زراعت اور محکمہ زراعت کے عملہ کی مشاورت سے زہروں کا انتخاب کرنا چاہئے تاکہ جڑی بوٹیوں کی بروقت اور مؤثر تلفی یقینی ہو سکے۔

متعلقہ عنوان :