کاشتکار ادرک کی برداشت کسی یا کھرپے کی مدد سے کریں اور گٹھلیوں کو زخمی ہونے سے بچانے کیلئے خصوصی اقدامات كریں، محکمہ زراعت سمبڑیال

بدھ 3 دسمبر 2025 14:26

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 دسمبر2025ء) کاشتکار ادرک کی برداشت کسی یا کھرپے کی مدد سے کریں اور گٹھلیوں کو زخمی ہونے سے بچانے کیلئے خصوصی اقدامات كریں۔ان خیالات كا اظہار زراعت آفیسر محكمہ زراعت سمبڑیال ذیشان گورائیہ نے بدھ كو ادرك كے كاشتكاروں كے نام اپنے پیغام میں كیا۔انہوں نے كہا ہے كہ ادرک کے کاشتکارفصل کی برداشت بروقت مکمل کریں اور رواں ماہ دسمبر کے آخری ایام میں جب ادرک کے پتے سوکھ جائیں اور ٹہنیاں نیچے گر پڑیں تو سمجھ لینا چاہیے کہ فصل برداشت کیلئے تیار ہے اور اس کی برداشت میں تاخیرسے گریز کرناچاہیے۔

ذیشان گورائیہ نے کہاکہ فصل کی برداشت کسی یا کھرپے کی مدد سے احتیاط سے کرنی چاہیے تاکہ گٹھلیاں زخمی نہ ہوں کیونکہ زخمی گٹھلیاں سٹوریج کے دوران بہت جلد خراب ہو جاتی ہیں جس سے منڈیوں میں اس کی اچھی قیمت نہیں ملتی اور کاشتکاروں و سبزی فروشوں کو بھاری مالی نقصان کاسامنا کرناپڑتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ اگر اگلی فصل لگانے کیلئے بیج تیار کرنا ہو تو فصل کی برداشت فروری میں بھی کی جا سکتی ہے۔

انہوں نے بتایاکہ اس دوران اس بات کا خاص خیال رکھنا چاہیے کہ بارش وغیرہ کی صورت میں پانی زیادہ دیر کھیت میں کھڑا نہ رہے کیونکہ کھیت میں پانی کھڑاہونے سے ادرک کی گٹھلیاں زمین کے اندر ہی گل سڑ جاتی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ دوسری صورت میں دسمبر کے آخر میں فصل کی برداشت شروع کر کے آئندہ فصل کیلئے صاف ستھری گٹھلیوں کو بھی ذخیرہ کیاجاسکتاہے۔

متعلقہ عنوان :