سفوفی پھپھوندی تیلدار اجناس کی فصلات کو نقصان پہنچا سکتی ہے،کاشتکار فوری تدارکی اقدامات یقینی بنائیں، ڈپٹی ڈائریکٹرزراعت

بدھ 3 دسمبر 2025 16:33

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 دسمبر2025ء) ڈپٹی ڈائریکٹرمحکمہ زراعت توسیع فیصل آباد حافظ عدیل احمدنے کہا کہ سفوفی پھپھوندی تیلدار اجناس کی فصلات کو نقصان پہنچا سکتی ہے لہٰذاپتوں، ٹہنیوں، پھلیوں پر سیاہ و بھورے دھبے نظر آتے ہی کاشتکاروں کومحکمہ زراعت یازرعی ماہرین کی مشاورت سے فوری تدارکی اقدامات یقینی بنانے چاہئیں۔

انہوں نے رایا اور سرسوں کے کاشتکاروں کو ہدایت کی کہ وہ فصل کو مختلف بیماریوں کے حملہ سے محفوظ رکھنے کیلئے محکمہ زراعت اور ماہرین زراعت کے مشوروں پر عملدرآمد یقینی بنائیں تا کہ بعد میں انہیں کسی مشکل یا پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ سفوفی پھپھوندی کے حملہ سے رایا اور سرسوں کے پتے جھڑ جاتے ہیں، تنے گل جاتے ہیں اور پھلیاں بننے کا عمل بھی بری طرح متاثر ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ فصل پر جھلساؤ کی بیماری کے ممکنہ حملے سے پتوں، ٹہنیوں، پھلیوں پر سیاہ و بھورے دھبے پڑنا شروع ہو جاتے ہیں جس سے پتوں میں سوراخ ہو جاتے ہیں اور ان بیماریوں کے شدید حملہ کی صورت میں پھلیاں پتلی اور چھوٹی رہ جاتی ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ سفید کنگھی پھولوں پر حملہ آور ہوتی ہے جس سے پھول بد شکل ہو جاتے ہیں، بیج بننا بند اور پودوں کے متاثرہ حصوں میں سڑن پیدا ہوجاتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ایسی صورت میں ماہرین زراعت کی مشاورت سے سفارش کردہ زہروں کا بھی استعمال کیا جاسکتاہے۔انہوں نے مزید کہا کہ کاشتکار کسی بھی رہنمائی یا مشاورت کے سلسلہ میں صبح 9سے شام5بجے تک فری ایگریکلچرل ہیلپ لائن پر بھی رابطہ کر سکتے ہیں۔