جدید زرعی مشینری کی خریداری کیلئے 3کروڑ روپے تک بلا سود قرض فراہم کیا جائے گا،سید عاشق حسین کرمانی

جمعرات 4 دسمبر 2025 21:45

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 دسمبر2025ء) وزیر اعلی پنجاب ہائی ٹیک فارم میکانائزیشن فنانسنگ پروگرام پر عملدرآمد کے لیے محکمہ زراعت پنجاب اور بینک آف پنجاب کے مابین دستخط کی تقریب منعقد ہوئی ،جس میں وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی،پارلیمانی سیکرٹری برائے زراعت اسامہ خان لغاری، سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو، صدر بینک آف پنجاب ظفر مسعود، ڈائریکٹر جنرلز زراعت نوید عصمت کاہلوں، انجینئر ساجد نصیر، محکمہ زراعت اور بینک آف پنجاب کے دیگر افسران نے شرکت کی۔

اس موقع پروزیر زراعت نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کے وِیژن کے تحت جدید زرعی مشینری کی خریداری کے لیے 3کروڑ روپے تک بلا سود قرض فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بلا سود قرض کی رقم صرف جدید زرعی مشینری کی خریداری کے لیے استعمال ہوگی اوریہ رقم کاشتکاروں و سروس پرووائیڈرز کو فراہم کی جائے گی،بلا سود قرض کی رقم سے 12 قسم کی جدید زرعی مشینری کی خریداری کی سہولت میسر ہوگی جبکہ اب تک 4 کروڑ روپے کے بلا سود قرض کی منظوری دی جا چکی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلی پنجاب ہائی ٹیک فارم میکانائزیشن فنانسنگ پروگرام کے لیے قرض پہلے آیئے پہلے پایئے کی بنیاد پر فراہم کیا جا رہا ہے۔سیکرٹری زراعت پنجاب نے کہا کہ اس پروگرام کے لیے مشینری کا انتخاب تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے کیا گیا ہے ،وزیر اعلی پنجاب ہائی ٹیک فارم میکانائزیشن فنانسنگ پروگرام کے ذریعے صوبہ میں فارم میکانائزیشن کو حقیقی معنوں میں عملی جامہ پہنایا جائے گا۔اس موقع پرصدر بینک آف پنجاب ظفر مسعود نے کہا کہ بینک آف پنجاب کو درخواست دہندگان کو قرض کی منظوری کے لیے بھرپور تعاون حاصل ہے۔

متعلقہ عنوان :