محکمہ زراعت سیالکوٹ کی کاشتکاروں کو مرچ کی پنیری جنوری میں کھیتوں میں منتقل کرنے کی ہدایت

جمعہ 5 دسمبر 2025 13:19

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 دسمبر2025ء) محکمہ زراعت سیالکوٹ نے کاشتکاروں کو مرچ کی پنیری جنوری میں کھیتوں میں منتقل کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ زراعت آفیسر محکمہ زراعت سیالکوٹ ذیشان گورائیہ نے بتایا کہ کاشتکارمرچ کی پنیری کی کاشت کیلئے ایسی زرخیز میرا زمین کا انتخاب کریں جس میں نامیاتی مادہ وافر مقدار میں موجود ہو کیونکہ ایسی زمین نمی دیر تک برقرار رکھنے کی صلاحیت کی حامل ہوتی ہے اور مرچ کی جڑیں زمین کے نیچے سے آسانی سے خوراک حاصل کرکے خوب نشوونما پاتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کاشتکار مرچ کی پنیری کی کھیت میں منتقلی سے پہلے فی ایکڑ 10 سے 12ٹن گوبر کی گلی سڑی کھادمیں 20کلوگرام یوریاملاکر استعمال کریں اور کھیت کی آبپاشی بھی کریں نیز وترآنے پر 2 سے 3مرتبہ ہل بمعہ سہاگہ چلاکر زمین کو کھلاچھوڑ دیں تاکہ جڑی بوٹیاں کاشت سے پہلے اُگ آئیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جڑی بوٹیاں اگنے کے بعد دوبارہ ہل چلاکر جڑی بوٹیوں کی تلفی کرتے ہوئے کھیت کو کھلا چھوڑ دیں تاکہ دھوپ لگنے سے زمینی بیماریوں کے جراثیم ختم ہوجائیں۔

انہوں نے کہا کہ زمین تیارکرنے کے بعد اڑھائی فٹ چوڑی اور آٹھ،دس انچ گہری کھیلیاں بناکر مرچ کی پنیری کی منتقلی کے وقت پنیری والے کھیت کی ہلکی آبپاشی بھی کریں اورپنیری کو کھیت سے وترحالت میں اس طرح اکھاڑیں کہ اس کی جڑیں نہ ٹوٹنے پائیں۔انہوں نے کہا کہ مرچ کی نرسری کے پودے کھیلیوں کے دونوں طرف ایک فٹ کے فاصلے پر لگاکر کھیت کو پانی لگادیں ۔ انہوں نے پنیری کی منتقلی کے بعد فصل کو کورے کے اثرات سے محفوظ کرنے کیلئے شمال و مغربی سائیڈ پر سرکنڈے وغیرہ کی باڑ لگانے کی بھی ہدایت کی۔

متعلقہ عنوان :