کرک ،مسلح افراد کی ٹک ٹاکر صندل خٹک کو دھمکیاں ، گھر پر دھاوا

ٹک ٹاکر کی حکومت ،سیکیورٹی اداروں سے حفاظت یقینی بنانے کی اپیل

اتوار 7 دسمبر 2025 00:35

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 دسمبر2025ء) کرک میں مبینہ طورپرنامعلوم مسلح افراد کی جانب سے مشہورو معروف ٹک ٹاکر صندل خٹک کو دھمکیاں ملنے کا انکشاف ہواہے۔ کرک سے موصولہ میڈیا رپورٹ کے مطابق معروف ٹک ٹاکر صندل خٹک نے دعویٰ کیا ہے کہ نامعلوم مسلح افراد نے اس کے آبائی گھر پر دھاوابول کر اسے تلاش کرنے کی کوشش کی تاہم وہ خوش قسمتی سے گھر پر موجودنہیں تھی۔

(جاری ہے)

رپورٹس میںصندل خٹک کے حوالے سے ٹیلیفونک گفتگو میں بتایا گیا ہے کہ مسلح افراد نے اس کے والد سے اس کا پوچھا اور بتایا کہ انہیں اطلاع ملی ہے کہ صندل خٹک گاؤں آئی ہے تاہم صندل خٹک کے والد نے جواب دیا کہ وہ گھر پر موجود نہیں ہے۔ٹک ٹاکر صندل خٹک کے مطابق مسلح افراد نے اس کے والد پر دباؤ ڈالتے ہوئے کہا کہ صندل خٹک کو ویڈیو بنانے سے منع کریں کیونکہ یہ عمل پشتون روایات کے خلاف ہے۔

صندل خٹک نے کہا کہ اس واقعے کے بعد انہیں اپنی جان کو سنگین خطرہ درپیش ہوگیا ہے۔صندل خٹک نے حکومت اور سیکیورٹی اداروں سے اپنی حفاظت یقینی بنانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اسے ٹک ٹاک پر ویڈیوز بنانے سے روکنے کی دھمکیاں بھی دی گئی ہیں۔واضح رہے کہ صندل خٹک کا تعلق کرک کی تحصیل بانڈہ داؤدشاہ کے نواحی علاقہ نری پنوس سے ہے۔

متعلقہ عنوان :