کاشتکار پھول گوبھی کیساتھ ساتھ بند گوبھی کی بھی زیادہ سے زیادہ کاشت یقینی بنائیں، محکمہ زراعت سمبڑیال

بدھ 10 دسمبر 2025 14:45

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 دسمبر2025ء) بند گوبھی میں وٹامن اے، سی اور فاسفورس کافی مقدار میں پائے جانے کے باعث پھول گوبھی سے زیادہ غذائیت ہوتی ہے ،کاشتکار پھول گوبھی کیساتھ ساتھ بند گوبھی کی بھی زیادہ سے زیادہ کاشت یقینی بنائیں۔ان خیالات كا اظہار زراعت آفیسر محكمہ زراعت سمبڑیال ذیشان گورائیہ نے بدھ كو اپنے پیغام میں كیا۔

انہوں نے كہا كہ بند گوبھی کا زیادہ تر استعمال بطور سلاد کیا جاتا ہے جبکہ بند گوبھی کی کامیاب کاشت کیلئے سرد مرطوب آب و ہوا موزوں رہتی ہے ، اس لئےاس کی کاشت کیلئے ذرخیز میرا زمین جس میں نامیاتی مادہ وافر مقدار میں موجود ہو کا انتخاب کیاجائے۔انہوں نے کہاکہ بند گوبھی کی پنیری کوکھیت میں منتقل کرنے کاوقت بہت تھوڑا ہے ،اسلئے پنیری کو شام کے وقت کھیت میں لگائیں تاکہ پودے رات کے وقت اچھی طرح جڑ پکڑ سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ جس روز پنیری کھیت میں لگانی ہو اس روز صبح کے وقت نرسری کی اچھی طرح آبپاشی کی جائے تاکہ پودے نکالتے وقت ان کی جڑیں نہ ٹوٹیں۔انہوں نے کہاکہ پودا لگاتے وقت جڑ کے نزدیک سے اچھی طرح دبا دیں تاکہ پودا جلدی جڑ پکڑ لے نیز پودوں کو کھیت میں 40سے 45 سینٹی میٹر کے فاصلہ پر لگائیں اور فوراً آبپاشی کر دیں۔انہوں نے کہاکہ نرسری کی منتقلی کے 15 دن بعد کھیت میں مرے ہوئے پودوں کی جگہ نئے پودے لگا دیئے جائیں۔

انہوں نے کہاکہ فصل کی آبپاشی 15 دن کے وقفہ سے کرنے سمیت کاشت کے ایک ماہ بعد گوڈی کرنے کے بعد آبپاشی کرنے سے پہلے 8 کلوگرام امونیم سلفیٹ یا 40 کلوگرام یوریا کھاد فی ایکڑ استعمال کی جائے تاکہ پودوں کے ہیڈ اچھے بنیں اور منڈی میں اچھا ریٹ ملے۔ انہوں نے کہاکہ بند گوبھی کاشت کے تین یا ساڑھے تین ماہ بعد برداشت کیلئے تیار ہو جاتی ہے۔

متعلقہ عنوان :