محکمہ زراعت پنجاب کی سبزیات وباغات کو سردی سے محفوظ رکھنے کی حکمت عملی جاری

بدھ 10 دسمبر 2025 22:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 دسمبر2025ء) محکمہ زراعت پنجاب نے سبزیات اور باغات کو سردی و کورے سے محفوظ رکھنے کی حکمت عملی جاری کر دی۔ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے کہا ہے کہ زیادہ سردی اور کورے کے باعث پودوں کے تنوں، شاخوں اور پتوں کے خلیوں میں پانی جم کر برف بن جاتا ہے جس سے پودوں کی بڑھوتری بری طرح متاثر اور شدید سردی کی وجہ سے پودے مر بھی جاتے ہیں، اس لئے پودوں کو زیادہ سردی اور کورے سے بچانے کے کاشتکار محکمہ زراعت کی سفارشات پر عمل کریں۔

ترجمان نے مزید کہا کہ باغات کو سخت سردی سے بچانے کیلئے پودوں کے تنوں پر چونے اور نیلے تھوتھا کے محلول سے سفیدی کرنی چاہیے، اس سے سردی کا اثر کافی حد تک کم ہوجاتا ہے، علاوہ ازیں پودوں کے تنے کے گرد پرانی بوری یا پرالی لپیٹ کر بھی سردی کے اثرات کو کم کیا جاسکتا ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہاکہ کیڑے اور بیماریاں پودوں کو کمزور کر دیتی ہیں اس لئے ان کا بروقت تدارک کیا جاتا ضروری ہے تاکہ پودے تندرست اور توانا رہیں۔

ترجمان نے مزید کہا کہ کاشتکار کہر کی متوقع راتوں کو آبپاشی ضرور کریں کیونکہ آبپاشی کرنے سے زمین کے درجہ حرارت میں خاطر خواہ کمی واقع اور پودا سردی کے متوقع اثرات سے محفوظ رہتا ہے ۔علاوہ ازیں باغبان مختلف جگہوں پر گڑھے کھود کر ان میں پتے،گھاس پھوس،بھوسہ یا پرالی وغیرہ جلا کر دھواں پیدا کر کے بھی کورے کے اثرات کو کم کر سکتے ہیں۔اسی طرح باغات میں پودوں کی عمر کے مطابق پودوں کے گھیرے میں گلا سڑا گوبر بکھیرنے سے زمینی درجہ حرارت میں تبدیلی کو روک کر کورے کے ممکنہ نقصان سے کافی حد تک بچایا جا سکتا ہے۔

کاشتکار چھوٹی سبزیوں اور نرسریوں کو رات کے وقت پلاسٹک شیٹ سے ڈھانپ دیں، اس کے علاوہ فصل کے شمال کی طرف سرکنڈا لگا دیں تاکہ فصل شمال کی طرف آنے والی ٹھنڈی ہوا سے محفوظ رہیں۔

متعلقہ عنوان :