کاشتکاروں کا کسی صورت استحصال برداشت نہیں، ڈپٹی کمشنررحیم یارخان

بدھ 17 دسمبر 2025 19:03

رحیم یارخان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 دسمبر2025ء) ڈپٹی کمشنررحیم یارخان ظہیر انور جپہ اور معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب ملک وسیم کھوکھر کی زیرِ صدارت ضلع میں جاری شوگر کین سیزن کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں شوگر ملز کی ایڈمنسٹریشن، کاشتکار نمائندگان اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران کاشتکاروں کی جانب سے کماد کے کم نرخ مقرر کیے جانے اور شوگر ملز انتظامیہ کی طرف سے وزن میں ناجائز کٹوتیوں کے حوالے سے شکایات سامنے آئیں۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے واضح الفاظ میں کہا کہ کاشتکاروں کا کسی صورت استحصال برداشت نہیں کیا جائے گا اور حکومت پنجاب کی پالیسی کے مطابق کسانوں کے حقوق کا مکمل تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر کو ہدایت کی کہ تمام شوگر ملز کے کنڈوں کی باقاعدگی سے چیکنگ کی جائے جبکہ وزن میں کٹوتی کرنے والی شوگر ملز کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ شفاف نظام کے بغیر شوگر کین سیزن کو کامیاب نہیں بنایا جا سکتا۔اجلاس کے دوران ڈپٹی کمشنر نے گزشتہ شب دھند کے باعث جمالدین والی شوگر ملز کی بس کو پیش آنے والے حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔

انہوں نے حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کے لیے تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔ڈپٹی کمشنر نے شوگر ملز انتظامیہ کو ہدایت کی کہ دھند اور موسم کی صورتحال کے پیش نظر اپنی لیبر کے اوقاتِ کار پر نظرِ ثانی کریں اور مزدوروں کی حفاظت کو یقینی بنائیں تاکہ آئندہ کسی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔ مزید برآں، ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کو زخمیوں کی بہترین طبی نگہداشت فراہم کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی۔