کاشتکاروں کوسفید مکھی کے تدارک کیلئے بہاریہ فصلات اور سبزیوں کی برداشت کے بعد باقیات فوری تلف کرنے کامشورہ

جمعرات 18 دسمبر 2025 17:59

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 دسمبر2025ء) محکمہ زراعت نے کاشتکار وں کو ہدایت کی ہے کہ وہ بہاریہ فصلات اور سبزیوں کی باقیات برداشت کے بعد فوری تلف کردیں کیونکہ ان باقیات کی موجودگی میں سفید مکھی پیداہونے اور کپاس سمیت دیگر فصلات پر حملہ آور ہونے کا شدید خدشہ رہتاہے جس سے مذکورہ فصلات کو سخت نقصان پہنچنے کااحتمال بھی ہوتاہے لہٰذا اس ضمن میں کسی غفلت یاکوتاہی کا مظاہرہ کرنے سے گریز کیاجائے تاکہ بعد ازاں کاشتکاروں کو کسی مشکل یا پریشانی کاسامنانہ کرناپڑے۔

(جاری ہے)

نظامت زرعی اطلاعات محکمہ زراعت کے ترجمان نے بتایاکہ کپاس کے کاشتکاروں کو بہاریہ فصلات سے سفید مکھی کے تدارک پر توجہ مرکوزرکھنی چاہیے کیونکہ سفید مکھی کپاس کا انتہائی نقصان دہ کیڑا ہے جو سارا سال متحرک رہتا ہے اسلئے کاشتکار حفاظتی اقدامات کے تحت بہاریہ فصلات اور سبزیوں کی باقیات کو برداشت کے بعد فوراً تلف کر دیں۔انہوں نے کہا کہ کپاس کے کاشتکاروں کو چاہیے کہ وہ کپاس کی کاشت کے علاقوں میں بھنڈی توری، بینگن، جوار کاشت نہ کریں اور کھیتوں و کھالوں کو جڑی بوٹیوں سے پاک رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں مزید معلومات کیلئے محکمہ زراعت کی ہیلپ لائن سے بھی رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :