وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی کی زیر صدارت صوبہ پنجاب میں غیر موسمی سبزیوں کی کاشت کے فروغ کیلئے اہم اجلاس کا انعقاد

جمعرات 18 دسمبر 2025 21:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 دسمبر2025ء) وزیراعلی پنجاب کی خصوصی ہدایت پر صوبہ پنجاب میں غیر موسمی سبزیوں کی کاشت کے فروغ کے لیے ایک اہم اجلاس لاہور میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے کی۔ اجلاس میں پارلیمانی سیکرٹری برائے زراعت اسامہ خان لغاری، سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو، ڈائریکٹر جنرلز زراعت نوید عصمت کاہلوں، چوہدری عبدالحمید و دیگر افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں صوبہ پنجاب میں ٹماٹر اور پیاز کی کاشت کے لیے جامع ایکشن پلان کی تیاری پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔اس موقع پر وزیر زراعت پنجاب نے کہا کہ زراعت میں جدت اور ہائی ویلیو ایگریکلچر کا فروغ وزیراعلی پنجاب کا واضح ویژن ہے جس کے تحت کسانوں کو جدید زرعی ٹیکنالوجی سے روشناس کرایا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ صوبہ پنجاب میں ٹماٹر کی پیداوار چھ ماہ تک لگاتار حاصل کرنا حکومت کا ہدف ہے۔

وزیر زراعت پنجاب نے مزید کہا کہ موسمی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹماٹر اور پیاز کی غیر موسمی کاشت کے لیے موزوں علاقوں کی نشاندہی کی جائے گی تاکہ پیداوار میں تسلسل اور استحکام لایا جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ ٹماٹر کی کاشت کے لیے ہائیڈروپونک ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ شہری علاقوں میں سبزیوں کی پیداوار بڑھانے کے لیے روف ٹاپ گارڈننگ کو بھی فروغ دیا جائے گا، جس سے نہ صرف شہری خود کفالت بڑھے گی بلکہ تازہ سبزیوں کی دستیابی میں بھی اضافہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ رواں برس صوبہ پنجاب میں 3500ایکڑ رقبے پر غیر موسمی ٹماٹر کی کاشت کرائی گئی ہے، جو اس سمت میں ایک اہم پیش رفت ہے۔ اجلاس کے اختتام پر غیر موسمی سبزیوں کی کاشت کے فروغ کے لیے مختلف تجاویز اور سفارشات پر اتفاق کیا گیا۔