وزیرِ زراعت پنجاب کی زیر صدارت اجلاس، بارانی زرعی یونیورسٹی سے ہائیڈروپونک ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے تجاویز طلب

منگل 23 دسمبر 2025 20:04

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 دسمبر2025ء) وزیرِ زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی کی زیر صدارت اجلاس میں صوبہ بھر میں ٹماٹر کے پیداواری دورانیے میں اضافہ اور غیر موسمی سبزیوں کی پیداوار کے فروغ کے اقدامات پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں پارلیمانی سیکرٹری برائے زراعت اسامہ خان لغاری، سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو، ڈائریکٹر جنرلز زراعت چوہدری عبد الحمید ، نوید عصمت کاہلوں ، ڈاکٹر عبد القیوم و متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

وزیرِ زراعت نے کہا کہ ہائیڈروپونک ٹیکنالوجی کے ذریعے بلا تعطل سال بھر ٹماٹر کی پیداوار حاصل کی جا سکتی ہے، جس سے نہ صرف کسانوں کی آمدن میں اضافہ ہوگا بلکہ صارفین کو بھی مناسب قیمت پر سبزیاں دستیاب ہوں گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے ہائیڈروپونک ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے ماہرین سے جامع اور قابلِ عمل تجاویز طلب کیں۔وزیرِ زراعت پنجاب نے غیر موسمی ٹماٹر کی کاشت میں اضافہ کے لیے موزوں علاقوں کی نشاندہی کا ٹاسک متعلقہ فارمیشنز کو سونپتے ہوئے ہدایت کی کہ اس ضمن میں فوری اقدامات کیے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ ہائیڈروپونک ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے تربیتی ورکشاپس کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ کاشتکار جدید زرعی طریقوں سے استفادہ کر سکیں۔سید عاشق حسین کرمانی نے مزید کہا کہ شہری علاقوں میں گھروں کی چھتوں پر ہائیڈروپونک ٹیکنالوجی کے نفاذ کے لیے ماہرین سے تجاویز طلب کی جا رہی ہیں، جبکہ گھریلو سطح پر سمال ہائیڈروپونک سسٹم لگانے کے لیے تکنیکی معاونت بھی فراہم کی جائے گی۔

اس موقع پر سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی کے ماہرین کو ہدایت کی کہ وہ چھوٹے پیمانے پر ہائیڈروپونک اسٹرکچر نصب کرنے کے لیے قابلِ عمل اور کم لاگت تجاویز پیش کریں۔ انہوں نے یونیورسٹی کے ماہرین سے ہائیڈروپونک ٹیکنالوجی کے سستے ماڈلز کی تیاری اور فراہمی کے حوالے سے بھی سفارشات طلب کیں۔اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ جدید زرعی ٹیکنالوجی کے فروغ سے صوبہ پنجاب میں سبزیوں کی پیداوار میں اضافہ، قیمتوں میں استحکام اور غذائی تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا۔