بہاولپور ڈویژن کو باقاعدہ کاٹن ویلی میں تبدیل کرنے کے لیے دو ارب روپے سے زائد مالیت کا خصوصی پروگرام جاری ہے، سیکرٹری زراعت

جمعہ 26 دسمبر 2025 20:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 دسمبر2025ء) سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو کی زیرِ صدارت ملتان میں کپاس کی اگیتی اور موسمی کاشت کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں کاٹن فورم کی جانب سے تیار کردہ جامع تجاویز پیش کی گئیں جن کی روشنی میں صوبہ پنجاب میں کپاس کی آئندہ کاشت کے لیے حکمتِ عملی کو حتمی شکل دی گئی۔اجلاس میں سپیشل سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب سرفراز حسین مگسی، وائس چانسلر ایم این ایس زرعی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر آصف علی، ایڈیشنل سیکرٹری ٹاسک فورس شبیر احمد خان، ڈائریکٹر جنرلز محکمہ زراعت پنجاب نوید عصمت کاہلوں، ڈاکٹر عامر رسول، ڈاکٹر عبدالقیوم، کنسلٹنٹ محکمہ زراعت ڈاکٹر محمد انجم علی سمیت کاٹن ایکسپرٹس سید حسن رضا، ڈاکٹر محمد اقبال بندیشہ، ڈاکٹر خالد حمید اور کاٹن ایڈوائزر اپٹما ڈاکٹر بھی شریک تھے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے کہا کہ کپاس کی اگیتی کاشت کے لیے موزوں تحصیلوں اور سفارش کردہ اقسام کی فہرست جلد جاری کر دی جائے گی تاکہ کاشتکار بروقت اور بہتر منصوبہ بندی کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ کپاس کی لمبے ریشے والی اعلی اقسام کی کاشت کو فروغ دیا جائے گا تاکہ ملکی ٹیکسٹائل صنعت کو معیاری خام مال کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

افتخار علی سہو نے بتایا کہ بہاولپور ڈویژن کو باقاعدہ کاٹن ویلی میں تبدیل کرنے کے لیے دو ارب روپے سے زائد مالیت کا خصوصی پروگرام جاری ہے، جس سے نہ صرف کپاس کی پیداوار میں اضافہ ہوگا بلکہ کاشتکاروں کی آمدن میں بھی بہتری آئے گی۔سیکرٹری زراعت پنجاب نے اجلاس کے بعد ماڈل ایگریکلچر مال ملتان کا دورہ بھی کیا جہاں انہوں نے آپریشنل سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔

انہوں نے ہدایت کی کہ ماڈل ایگریکلچر مالز پر خصوصی پروموشنل پیکجز متعارف کرائے جائیں جبکہ کاشتکاروں کی سہولت کے لیے آن لائن خریداری کا نظام بھی جلد نافذ کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ جدید رینٹل مشینری اور ڈرون سپرے سروسز کی فراہمی کا عمل بھی جلد شروع کیا جائے گا تاکہ جدید زرعی ٹیکنالوجی عام کاشتکار تک پہنچ سکے۔بعد ازاں سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے ملتان میں کراپ رپورٹنگ سروس کے ڈویژنل دفتر کی تعمیر کا سنگِ بنیاد بھی رکھا۔