گرین ٹریکٹرز پروگرام زرعی ترقی اور کاشتکاروں کی پیداوار میں اضافے کا سبب بنے گا، سید عاشق حسین کرمانی

بدھ 7 جنوری 2026 18:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جنوری2026ء) وزیراعلی پنجاب کے ویژن کے تحت صوبہ میں زراعت کی ترقی اور کاشتکاروں کی خوشحالی کے لیے اربوں روپے کے متعدد پروگرامز پر عملدرآمد جاری ہے۔اس سلسلے میں گرین ٹریکٹرز پروگرام کے تیسرے مرحلے کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ان خیالات کا اظہار وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے گرین ٹریکٹرز پروگرام کے آن لائن اپلائی کے لیے پورٹل کا افتتاح اور کاشتکاروں کو سہولت فراہم کرنے کے طریقہ کار کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر پارلیمانی سیکرٹری برائے زراعت اسامہ خان لغاری، سپشل سیکرٹری زراعت آغا نبیل اختر،ڈائریکٹر جنرلز زراعت نوید عصمت کاہلوں،چوہدری عبدالحمید،انجینئر زاہد مشتاق میر کے علاوہ حافظ عبد الرحمن،رانا محمود اختر اور پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے نمائندگان بھی شریک ہوئے ۔

(جاری ہے)

وزیر زراعت سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب زراعت میں جدید میکنائزیشن کے فروغ کے لیے پرعزم ہیں اور گرین ٹریکٹرز پروگرام صوبہ میں زرعی ترقی اور کاشتکاروں کی پیداوار میں اضافے کا سبب بنے گا۔

انہوں نے کہا کہ گرین ٹریکٹرز پروگرام کے تیسرے مرحلے کے لیے ہر درخواست دہندہ کے لیے کم از کم5 ایکڑ رقبہ شرط رکھی گئی ہے۔ وزیر زراعت نے بتایا کہ پہلے دو مراحل میں مجموعی طور پر19 ہزار ٹریکٹرز کاشتکاروں کو سبسڈی پر فراہم کیے جا چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تیسرے مرحلے میں صوبے کے کاشتکاروں کو 50 سے 65 ہارس پاور کے 10 ہزار ٹریکٹرز سبسڈی پر فراہم کی جائے گی۔وزیر زراعت نے یقین دہانی کرائی کہ حکومتی پروگرامز میں قرعہ اندازی اور سبسڈی کی فراہمی میں سو فیصد شفافیت کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :