آفتاب شیرپاؤ کا معروف قانون دان اور سیاسی شخصیت خدا بخش بلوچ ایڈووکیٹ کے انتقال پر افسوس کا اظہار

اتوار 1 فروری 2026 19:10

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 فروری2026ء) قومی وطن پارٹی کے مرکزی چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپاؤ نے قومی وطن پارٹی ڈیرہ اسماعیل خان کے رہنما، معروف قانون دان اور سیاسی شخصیت خدا بخش بلوچ ایڈووکیٹ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اپنے ایک تعزیتی پیغام میں آفتاب شیرپاؤ نے کہا کہ خدا بخش بلوچ ایڈووکیٹ ایک مخلص، باکردار اور نظریاتی سیاسی کارکن تھے جو طویل عرصے تک میرے قریبی ساتھی رہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ہر مشکل مرحلے میں جماعت کا بھرپور ساتھ دیا اور سیاسی جدوجہد میں نمایاں کردار ادا کیا۔ پارٹی کے لیے کے بی بلوچ ایڈووکیٹ کی خدمات ناقابلِ فراموش ہیں اور ان کی کمی ہمیشہ محسوس کی جاتی رہے گی۔ انہوں نے مرحوم کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئےکہا کہ ان کی سیاسی بصیرت، شرافت اور عوامی خدمت کا جذبہ نئی نسل کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ دعا ہےاللہ تعالیٰ مرحوم کو جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، ان کی مغفرت فرمائے اور لواحقین کو یہ صدمہ صبر و حوصلے سے برداشت کرنے کی توفیق دے۔ آفتاب شیرپاؤ نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں قومی وطن پارٹی مرحوم کے اہلِ خانہ کے غم میں برابر کی شریک ہے ۔